ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایشورپا کی سنگولی راینا برگیڈ میں مصروفیت یڈیورپا کیلئے درد سر

ایشورپا کی سنگولی راینا برگیڈ میں مصروفیت یڈیورپا کیلئے درد سر

Thu, 22 Dec 2016 12:26:45    S.O. News Service

بنگلورو۔21؍دسمبر(ایس او نیوز) بی جے پی اعلیٰ کمان اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کی وارننگ اور بی جے پی قومی صدر امیت شا کی ہدایت کو کھلے عام پامال کرتے ہوئے ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے اپوزیشن لیڈر ایشورپا کی طرف سے سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں میں مسلسل شرکت ریاستی بی جے پی کیلئے ایک درد سر بن چکی ہے۔حالانکہ سابق وزیراعلیٰ یڈیورپا نے پارٹی اعلیٰ کمان سے ایشورپا کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی ہے ،جس کی پاداش میں بی جے پی کی قومی ضابطہ کمیٹی کی طرف سے سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں میں شرکت نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایشورپا کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا۔ حالانکہ ایشورپانے اس وجہ بتاؤ نوٹس کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا، لیکن اس کے بعد بھی سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں میں مسلسل شرکت کے ذریعہ انہوں نے پارٹی قیادت کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اس برگیڈ سے الگ ہونے والے نہیں ہیں۔ ایشورپا کی ان سرگرمیوں کی وجہ سے ریاستی بی جے پی میں بڑے پیمانے پر برگشتگی پھیلنے کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں،کیونکہ لنگایت فرقہ سے ہٹ کر پسماندہ طبقات سے وابستہ بی جے پی لیڈروں کا ایک بہت بڑا طبقہ ایشورپا کی حمایت میں کھڑا ہوچکا ہے۔ ان میں سے بیشتر سابق اراکین اسمبلی ہیں، جو پسماندہ طبقات سے وابستہ ہیں۔ بی جے پی کی مرکزی قیادت کسی بھی حال میں پسماندہ طبقات کے ان اہم قائدین کو کھونا نہیں چاہتی ، لیکن یڈیورپا اور ان کا گروپ اس بات پر بضد ہے کہ کسی بھی حال میں ایشورپا پر لگام کسی جائے۔ بتایاجاتاہے کہ یڈیورپا نے بی جے پی اعلیٰ کمان کو یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ایشورپا کے خلاف کسی طرح کی کارروائی کی صورت میں ریاست میں بی جے پی کی ساکھ بالکل متاثر نہیں ہوگی، اسی لئے ایشورپا کو یاتو سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں سے الگ کیا جائے یا ان کے خلاف پارٹی سے معطلی یا بے دخلی جیسی سخت کارروائی کی جائے۔ پارٹی کے دیگر قائدین بشمول مرکزی وزیر اننت کمار ، سدانند گوڈا ، سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شٹر وغیرہ ایشورپا کے معاملے میں خاموش ہیں، جبکہ یڈیورپا اور ان کا گروپ اس بات پر بضد ہے کہ اعلیٰ کمان ایشورپا کے خلاف کارروائی میں تاخیر نہ کرے ۔ بتایاجاتاہے کہ پارٹی کے ایک گروپ نے اعلیٰ کمان کو یہ باور کرانے کی بھی کوشش کی ہے کہ ایشورپا کے خلاف اگر کارروائی کی گئی تو پارٹی کو پسماندہ طبقات اور دلتوں میں جو حمایت حاصل ہوئی تھی وہ مکمل طور پر ختم ہوجائے گی اور تنہا یڈیورپا کا لنگایت طبقہ ریاست میں پارٹی کو اقتدار پر نہیں لاسکتا۔ یڈیورپا کا گروپ ان تمام حقائق کی پرواہ کئے بغیر یہی چاہتا ہے کہ ایشورپا کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس میں یڈیورپا کے گروپ کو کافی حد تک کامیابی بھی اس وقت مل گئی جب اعلیٰ کمان کی طرف سے ایشورپا کے خلاف وجہ بتاؤ نوٹس جاری ہوگیا۔ وجہ بتاؤ نوٹس کے جاری ہوتے ہی ایشورپا نے بھی اپنے تیور سخت کرلئے اور انہوں نے مسلسل سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا ہے۔


Share: