چندی گڑھ، 14؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نوٹ بند ی کے وقت میں حوالہ کاروبار کا پتہ لگانے کی اپنے ایک مہم کے حصے کے طور پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) نے آج چندی گڑھ سے 2.19کروڑ روپے ضبط کئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ایجنسی کے حکام کو ایسی اطلاع ملی تھی کہ بڑی تعداد میں غیر قانونی نوٹوں کو چھپاکررکھا گیا ہے، اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے حکام نے کپڑا تاجر کے پریسر اور دیگر جگہوں پر چھاپہ ماری کی۔ای ڈی نے بتایا کہ نئے نوٹوں کی شکل میں 18لاکھ روپے کی رقم ضبط کی گئی ہے ،وہیں پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ نئے نوٹوں کی صورت میں 69.35لاکھ کی رقم چھاپے کے دوران برآمد کی گئی ہے۔غیر ملکی کرنسی انتظام ایکٹ (فیما) کی دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے اور تلاشی مہم ابھی بھی جاری ہے۔چندی گڑھ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رام گوپال نے کہا کہ ای ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر گرنام سنگھ کی قیادت میں ایک ٹیم نے چھاپہ ماری کی اور 1.50کروڑ روپے کے پرانے نوٹ اور 69.35کروڑ کے نئے نوٹ برآمد کئے۔انہوں نے بتایا کہ چھاپہ ماری اندرپال مہاجن نام کے شخص کے گھر میں ہوئی۔مہاجن کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ای ڈی کی ٹیم نے آگے کی تحقیقات کے لیے نوٹ ضبط کر لیے ہیں ۔نوٹ بند ی کے وقت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کئی مقامات پر تلاشی مہم چلا رہا ہے۔ڈی ایس پی نے کہا کہ نامعلوم بینک حکام کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔