ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اکرما سکرما اسکیم کے جلد نافذ ہونے کے آثار معدوم

اکرما سکرما اسکیم کے جلد نافذ ہونے کے آثار معدوم

Thu, 22 Dec 2016 12:21:50    S.O. News Service

بنگلورو۔21؍دسمبر(ایس او نیوز) شہر میں غیر قانونی تعمیرات کو باقاعدگی دینے کیلئے بی بی ایم پی کی تجویز اکرما سکرما اسکیم کے نفاذ کو لے کر ابھی غیر یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے اس اسکیم کو روک دیا گیا تھا، اور ایک سال بعد اسکیم کے نفاذ کیلئے نئے ضوابط جاری کئے گئے تھے، تاہم ان نئے ضوابط میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کچھ لوگ اس اسکیم کے خلاف عدالت سے رجوع ہوئے ، سٹیزن ایکشن فورم کی طرف سے اکرما سکرما اسکیم کے خلاف دائر عرضی کو حال ہی میں ہائی کورٹ نے خارج کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے لائی گئی اسکیم کو من وعن نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، لیکن بتایاجارہا ہے کہ ہائی کورٹ کی طرف سے اسکیم لاگو کرنے کی منظوری کے بعد حکومت ایک بار پھر اس کے ضوابط پر نظر ثانی کے سلسلے میں غور کررہی ہے، جس کی وجہ سے فوری طور پر اس اسکیم کے نفاذ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔2013کے بعد سے اب تک شہر میں کئی نئی عمارتوں کی تعمیر کا حوالہ دیتے ہوئے محکمۂ شہری ترقیات اور محکمۂ ترقیات بنگلور کی طرف سے یہ دعویٰ کیاگیا ہے کہ ان تمام نئی عمارتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کو بھی اکرما سکرما کے دائرہ میں لانے ضوابط میں ترمیم ضروری ہے۔ حالانکہ محکمہ کی طرف سے اب تک اکرماسکرما کیلئے کوئی واضح پیمانہ مقرر نہیں کیا گیا، لیکن بتایا جارہا ہے کہ نظر ثانی شدہ ضوابط میں اس کے پیمانے بھی طے کئے جائیں گے اگر ان پر اعتراضات کرتے ہوئے کوئی دوبارہ عدالت سے رجوع ہوگیا تو اس اسکیم کے نفاذ میں پھر غیر معینہ مدت کیلئے رکاوٹ لگنے کے اندیشے برقرار ہیں۔اس کے علاوہ بی بی ایم پی کی طرف سے اکرما سکرما اسکیم کے تحت غیر قانونی تعمیرات کو منظوری دینے کیلئے اضافی بٹرمنٹ چارجس کی وصولی پر بھی غور کیا جارہاہے۔حالانکہ وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے بارہا یہ واضح کیا ہے کہ حکومت اکرما سکرما اسکیم کو فوری طور پر لاگو کرنے کی خواہاں ہے ، لیکن اس سلسلے میں ضوابط مرتب کرنے والے افسران کی طرف سے لائی جارہی نئی نئی تبدیلیاں اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ افسر شاہی طبقہ اس اسکیم کو فوری طور پر نافذ کرنے کے حق میں نظر نہیں آتا۔ 


Share: