ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آسٹریلیا نے پاکستان کو 86رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

آسٹریلیا نے پاکستان کو 86رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

Mon, 23 Jan 2017 12:24:36    S.O. News Service

سڈنی،22؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں اتوار کو میزبان ٹیم نے پاکستان کو 86رنز سے شکست دے کر یہ میچ اور سیریز دونوں ہی اپنے نام کر لی ہیں۔آسٹریلیا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر353رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے ایک مشکل ہدف دیا تھا۔اس ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 267رنز بنا کر 43.5اوورز میں آوٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بلے باز شرجیل خان تھے جنھوں نے 36گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 47گیندوں پر 74رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 10چوکے اور تین چھکے لگائے۔کپتان اظہر علی اور بابر اعظم نے بالترتیب سات اور 31رنز بنائے۔ شعیب ملک اور عمر اکمل بھی پویلین لوٹ گئے۔سڈنی میں جاری میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور وہ اوپنر ڈیوڈ وارنر کی سنچری اور ہیڈ اور میکسول کی نصف سنچریوں کی بدولت ایک بڑا سکور بنانے میں کامیابی رہی۔

پاکستان کی جانب سے فیلڈنگ میں کئی غلطیاں سامنے آئیں لیکن حسن علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے10اوورز میں 52رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔انھوں نے اننگز کی آخری گیند پر میکسویل کا وکٹ حاصل کیا جنھوں نے 44گیندوں پر 78رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 17ویں اوور کی دوسری گیند پر گری جب عثمان خواجہ 30رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ حسن علی نے وارنر کو بھی آؤٹ کیا لیکن اس وقت تک وہ 11چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 130رنز بنا چکے تھے۔ تیسری وکٹ کپتان سمتھ کی تھی جو نصف سنچری بنانے سے چوک گئے اور 49رنز پر آؤٹ ہو گئے۔بعد میں آنے والے کھلاڑی میکسویل اور ہیڈ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔ہیڈ کی وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی۔پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی ٹیم میں واپس آ گئے ہیں اور اس لیے اسد شفیق حتمی 11کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا پائے۔پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر کے بجائے محمد حفیظ نے بولنگ کا آغاز کیا۔سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جیت حاصل کی تھی تو دوسرے میچ میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی تھی۔ جبکہ تیسرے میچ میں ایک بار پھر آسٹریلیا فاتح ٹھہری۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک ایک بار پھر ٹیم میں واپس آ گئے ہیں جبکہ سپنر ایڈم زیمپا کو سیریز میں پہلی بار کھیلنے کا موقع ملا ہے۔


Share: