نئی دہلی،29اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ملی کراری شکست کے بادل عام آدمی پارٹی مسلسل مخالفین کے نشانے پر ہے۔ مخالفین کے علاوہ اب وہ لوگ سوال اٹھا رہے ہیں، جو ایک وقت اروند کجریوال کے ساتھ تھے۔ ایم سی ڈی انتخابات میں شکست کے بعد انا ہزارے نے ”آپ“ کو اقتدار کا بھوکا بتایا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اب کجریوال بھروسہ کھو چکے ہیں۔اس دوران دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے ایک ایسے ٹوئٹ کر ری ٹوئٹ کر دیا ہے، جس میں انا کو بی جے پی کا ایجنٹ کہا گیا ہے، اگرچہ سسودیا نے کہا کہ میرا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے، کوئی میرے اکاؤنٹ سے انا ہزارے کے خلاف ٹوئٹس ری ٹوئٹ کر رہا ہے، میں ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، لیکن نہیں ہو رہاہے، برائے مہربانی ان پر یقین نہ کریں، میں انا جی کا احترام کرتا ہوں، اس کے خلاف ایسی باتیں کبھی نہیں کہہ سکتا۔