ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسپین:سرحد پر افریقی پناہ گزینوں کا دھاوا، درجنوں محافظ زخمی

اسپین:سرحد پر افریقی پناہ گزینوں کا دھاوا، درجنوں محافظ زخمی

Tue, 03 Jan 2017 12:12:40    S.O. News Service

میڈرڈ،2جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مراکش اور سپین کی سرحد پر ایک ہزار سے زیادہ پناہ گزینوں کے سرحد عبور کرنے کی کوششوں میں 50مراکشی اور پانچ سپینی سرحدی گارڈز زخمی ہو گئے ہیں۔تقریبا 1100پناہ گزین سپین کے شمالی افریقی انکلیو سیوٹا پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔حکام نے بتایا کہ ان میں سے صرف دو پناہ گزین سرحد پار کرنے میں کامیاب رہے لیکن 20فٹ اونچی دیوار عبور کرنے میں وہ زخمی ہو گئے اور انھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ سرحد میں داخل ہونے کی کوششوں سے روکنے کے دوران ایک سرحدی محافظ کی آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل دسمبر میں 400سے زیادہ پناہ گزین سیوٹا کی دیوار عبور کرنے میں کامیاب رہے تھے اور اُن کی اس کامیابی سے ہزاروں نئے پناہ گزینوں کو تحریک ملی تھی۔جنوبی افریقہ کے وسیع ریگستانی علاقے والے ممالک کے ہزاروں پناہ گزین مراکش میں غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں اور وہ یورپ میں داخل ہونے کی امید میں ہر سال مراکش کی سرحد پر موجود سپین کے شمالی افریقی انکلیوز میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔زیادہ تر پناہ گزینوں کو سرحد عبور کرنے سے روک دیا جاتا ہے اور انھیں مراکش واپس بھیج دیا جاتا ہے جبکہ جو سرحد عبور کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں انھیں یا تو دوبارہ ملک بدر کر دیا جاتا ہے یا پھر انھیں چھوڑ دیا جاتا ہے۔سیوٹا میں سپین کے حکام نے سرحد پار کرنے کی حالیہ کوشش کو انتہائی پرتشدد اور منظم قرار دیا ہے جو کہ مقامی وقت کے مطابق نئے سال میں صبح چار بجے ہوئی تھی۔درجنوں افراد سرحدی باڑ پر چڑھنے میں کامیاب ہو گئے تھے لیکن سپینی سرحدی گارڈز انھیں واپس مراکش بھیجنے میں کامیاب رہے۔


Share: