نئی دہلی،3؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی خواتین فٹ بال کی ماسٹرمائنڈ ادتیہ چوہان نے نجی شعبے کو اس کھیل کی ترقی کے لئے زیادہ فعال کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔برطانیہ میں 2015میں ایک پیشہ ور کلب کے لئے کھیلنے والی پہلی ہندوستانی خاتون فٹ بالر ادتیہ جنوری میں ہندوستان لوٹ آئی جس کا اسٹوڈنٹ ویزا ختم ہو گیا تھا۔سلی گوڑی میں سیف چمپئن شپ میں ہندوستانی ٹیم کی گول کیپر ادتیہ نے کہا کہ اے آئی ایف ایف نے خواتین فٹ بال کی ترقی کے لئے کافی کوششیں کی ہیں،نجی شعبے بھی آگے آ جائیں تو حالات بہتر ہو جائیں گے۔اس نے کہاکہ ہندوستان میں خواتین فٹ بال آگے بڑھا ہے خاص طور پر سیف ٹورنامنٹ میں ہم ہمیشہ جیتتے آئے ہیں،جنوبی ایشیا میں ہمارے دبدبے نے ثابت کر دیا کہ قابلیت کی کمی نہیں ہے،ہم جلد ہی ایشیا میں اعلی سطح پر کھیلیں گے۔خواتین آئی لیگ صحیح سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔انگلینڈ اور ہندوستان میں فریم ورک میں فرق کے بارے میں پوچھنے پر اس نے کہا کہ وہاں سطح کافی اونچی ہے،بہت لیگ ہو رہی ہے اور اس میں کوئی بھی کھیل سکتا ہے۔ہندوستان میں اب اس طرح کی ثقافت پیدا ہو رہی ہے۔ہندوستانی خواتین فٹ بال کی طویل تاریخ نہیں ہے لیکن حالات بہتر ہوئے ہیں اور اب زیادہ لڑکیاں فٹ بال کھیل رہی ہیں۔