نئی دہلی، 25؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )گوا اسمبلی انتخابات کے لیے عام آدمی پارٹی(آپ)کے وزیر اعلی کے عہدے کے امیدوار ایلوس گومس نے وزیر دفاع منوہر پاریکر پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے وزیر اعلی لکشمی کانت پارسیکر کے کام کاج کرنے کی آزادی پوری طرح ختم کر دی گئی ہے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو ملنے والے گمنام چندے پر پابندی لگانے اور انہیں آر ٹی آئی کے دائرے کے تحت لانے کی وکالت بھی کی۔پنجی سے میڈیا کو فون پر دئیے انٹرویو میں گومس نے کہاکہ یہاں تقریبا سب جانتے ہیں کہ وزیر دفاع ہر ہفتے کے آخر میں گوا آتے ہیں، وزیر اعلی کے کام کاج کرنے کی آزادی پوری طرح ختم کر دی گئی ہے اور اس حکومت کو اقتدار سے باہر کئے جانے تک یہی صورت حال برقرار رہے گی ۔گوا کے جیل آئی جی رہ چکے گومز سے آپ سمیت چند دیگر سیاسی جماعتوں کے اس الزام کے بارے میں پوچھا گیا تھا کہ پاریکر گوا کے ڈی- فیکٹو یعنی حقیقی وزیر اعلی ہیں اور پارسیکر محض ایک ’ربڑ اسٹامپ ‘ہیں۔وزیر اعلی کے امیدوار کے طور پر دئیے اس پہلے انٹرویو میں گومس نے یہ بھی کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو ملنے والے ہر گمنام چندے پر پابندی لگائی جانی چاہیے۔گوا میں حکمراں بی جے پی اور اہم اپوزیشن کانگریس پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں رائے دہندگان کو دھمکانے کے لیے پیسے کا دھڑلے سے استعمال کرتی ہیں ، ایسے میں گمنام چندوں پر پابندی سے آزاد اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی تمام سیاسی پارٹیوں کو یکساں مواقع نہیں مل پاتے۔گومس نے تمام سیاسی پارٹیوں کو حق اطلاعات قانون (آر ٹی آئی)قانون کے دائرے میں لانے کی بھی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ آخر سیاسی پارٹیوں کو پیسے حاصل کرنے کے ان کے ذریعہ کولے کر شفافیت کیوں نہیں اپنائی جانی چاہیے ؟گوا فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر گومس نے کہاکہ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ بی جے پی اور کانگریس کو چندے کے طور پر کروڑوں روپے ملتے رہے ہیں جو غیر قانونی ذرائع سے آتے ہیں،بدلے میں ان چندہ دہندگان کو بڑے فوائد پہنچائے جاتے ہیں۔ان پارٹیوں کی حکومتیں ان کے مفادات کے لیے کچھ بھی کر دیتی ہیں،اس سے مفاد عامہ سے ٹکراؤ پیدا ہوتا ہے، آخر سیاسی پارٹیاں سب سے پہلے عوام کے تئیں جوابدہ ہیں۔