گنٹور:16/اگست(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا)آندھرا پردیش کے گنٹور ضلع میں ونیوکونڈا کے قریب ایک کھلے بورویل میں دو سال کا بچہ گر گیا۔ 11 گھنٹے کی محنت کے بعد اسے وہاں سے بچایا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، پولیس اور انتظامیہ نے بچے کو بچانے کے لئے ایک بڑی مہم چلائی تھی۔پولیس نے بتایا کہ بچے کو چندر شیکھر کے طور پرپہچانا گیا تھا، جب وہ اممادورام گاؤں میں ایک جانور شیڈ کے پاس کھیل رہا تھا، بچے کی ماں وہیں پاس میں مویشیوں کی حفاظت کر رہی تھی۔ انہوں نے یہ توجہ نہیں دی کہ بچہ کھلے بورویل کے قریب کھیل رہا تھا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ بچے کو بوریویل شافٹ میں 15 فٹ نیچے پھنس پایا گیا تھا، بچے کو بچانے کے لئے بورویل کے قریب ایک گڑھا کھودا گیا۔ بتا دیں کہ بچہ اچھے سے سانس لے سکے اس کے لئے بورویل کے اندر آکسیجن ٹیوب ڈالا گیا تھا۔ضلع کلکٹر کونا سسی دھر بھی ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کے لئے گاؤں پہنچے تھے۔ حکام نے کہا کہ آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلی این چنا راجپپا نے ضلع انتظامیہ سے بات کی۔ وزیر صحت کامینی سرینواس نے بھی ضلع طبی اور صحت افسر سے بات کی، جس کے بعد ایک میڈیکل ٹیم کو موقع پر پہنچا دیا گیا۔