منڈگوڈ 27/جنوری (ایس او نیوز) آل انڈیاہندو مہاسبھا کے ریاستی نائب صدربسو اراج ہڈپد نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ ہندو مہاسبھا کی طرف سے ریاست کے ہر ضلع میں ایک رام مندر تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے لئے اگر کوئی اپنی طرف سے زمین عطیہ دیتا ہے تو پھراس مقام پر ہندو مہا سبھا کی جانب سے رام مندر تعمیر کرنے کے بعد اس مندر کو زمین عطیہ دینے والوں اور ضلع کے عوام کے حوالے کیا جا ئے گا۔
اخباری بیان میں یہ بھی مطالبہ کیاگیا ہے کہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ کسانوں کے تمام قرضے معاف کردے۔یمنور گرام کے کسانوں کو شہر بدر کرنے کا سلسلہ فوری طور پر روکا جائے۔ پرائیویٹ ہائی اسکولوں اور کالجوں کوسرکاری تعلیمی اداروں میں تبدیل کیا جائے۔عورتوں کے ساتھ جنسی جرائم کا اتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اس کے علاوہ پریس ریلیز میں تمل ناڈو میں جلی کٹو پر پابندی کے خلاف کیے گئے احتجاجی مظاہروں میں ایل ٹی ٹی ای کے ہلاک شدہ لیڈر پربھا کرن کی تصویریں استعمال کرنے والوں کی بھی سخت مذمت کی گئی ہے۔