ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / کارڈیوتھوراسک سرجری شعبہ کے معالجین نے خاتون کی کامیاب بائی پاس سرجری کی

کارڈیوتھوراسک سرجری شعبہ کے معالجین نے خاتون کی کامیاب بائی پاس سرجری کی

Mon, 03 Apr 2017 20:08:31    S.O. News Service

 علی گڑھ3اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے کارڈیوتھوراسک سرجری شعبہ کے معالجین کی ایک جماعت نے پہلی بار آزادانہ طور پر ایک خاتون کی بائی پاس سرجری کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا ہے۔معالجین کی اس جماعت میں کارڈیو تھورا سک سرجری شعبہ کے سربراہ پروفیسر ایم ایچ بیگ، ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اعظم حسین اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احتشام حسین نقوی شامل تھے پروفیسر بیگ نے بتایا کہ علی گڑھ کے اسعد پور کی رہنے والی خاتون محترمہ چندراوتی کی جے این میڈیکل کالج کی کیتھ لیب میں جانچ کے بعد ان کی کورونری میں رکاوٹ پائی گئی جس کے بعد کارڈیوتھوراسک سرجری شعبہ کے معالجین نے ان کی بائی پاس سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔ محترمہ چندروتی کی تین گھنٹہ مسلسل بائی پاس سرجری کرکے ان کے کورونری کی رکاوٹ کو ختم کردیاگیا۔پروفیسر بیگ نے بتایا کہ یہ سرجری خاتون کے دھڑکتے دل پر انجام دی گئی اور یہ جے این میڈیکل کالج کے لئے باعثِ افتخار ہے کہ اس سرجری کو معالجین کی جماعت نے نہایت آسانی کے ساتھ انجام دیا۔انہوں نے بتایا کہ معالجین کی جماعت جے این میڈیکل کالج میں سبھی کارڈیو وسکولر اور تھوراسک سرجری کو نہایت کم خرچ پر انجام دے رہی ہے تاکہ کم آمدنی والے زمرے کے افراد اس کا خرچ آسانی کے ساتھ برداشت کرسکیں۔مریضہ کو اینستھیسیا ڈاکٹر ندیم رضا اور ان کی ٹیم کے معاون معالجین نے دیا۔ میڈیسن فیکلٹی کے ڈین پروفیسر امان اللہ خاں اور جے این میڈیکل کالج کے پرنسپل اور سی ایم ایس پروفیسر طارق منصور نے معالجین کی اس جماعت کو کامیاب بائی پاس سرجری کے لئے مبارکباد پیش کی ہے۔


Share: