نئی دہلی،18جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ٹیسٹ میچوں میں 434وکٹ لے کر ایک وقت دنیا میں نمبر ون بالر رہے کپل دیو سے بھلا کون واقف نہیں ہے،ان کے نام یہی ایک کامیابی نہیں ہے،وہ کپل دیو ہی تھے، جن کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے 1983میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کراپناپہلا ون ڈے ورلڈ خطاب جیتا تھا۔ہندوستان کے اس عظیم کرکٹر اور سابق کپتان کو کرکٹ کلب آف انڈیا میں لیجنڈس کلب ”ہال آف فیم“میں شامل کیا گیا۔اس موقع پر سابق ہندوستانی کپتان اجیت واڈیکر، سنیل گواسکر اور نری کاٹریکٹر بھی موجوج رہے۔گواسکر کو 2013میں ہی اس میں شامل کیا جا چکا ہے۔درمیانی رفتار کے تیز گیند باز رہے کپل دیو نہ صرف سوئنگ بولنگ بلکہ دھماکہ خیز بلے بازی کے لئے بھی مشہور تھے۔سال 1983کے ون ڈے ورلڈ کپ فاتح اس ہندوستانی کپتان کو ملک کا بہترین آل راؤنڈر سمجھا جاتا ہے،ہاں ایک اور خاص بات یہ کہ ان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو پائی ہے اور ٹیم انڈیا کو ان کے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد ہی ان جیسے آل راؤنڈرکی تلاش ہے۔