ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / تمل ناڈو کے کانگریس رکن پارلیمنٹ وسنت کمار کا کورونا سے انتقال

تمل ناڈو کے کانگریس رکن پارلیمنٹ وسنت کمار کا کورونا سے انتقال

Sat, 29 Aug 2020 11:11:52    S.O. News Service

چنئی،29 ؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) تمل ناڈو کے کنیاکماری سے کانگریس رکن پارلیمنٹ ایچ. وسنت کمار کا آج اپولو اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ کورونا انفیکشن کی زد میں تھے اور کچھ دنوں سے اپولو اسپتال میں ہی ان کا علاج چل رہا تھا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 2019 میں پہلی مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے وسنت کمار کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد گزشتہ 10 اگست کو اپولو اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔

وسنت کمار کی موت کے بعد اسپتال نے بتایا کہ نمونیہ کی وجہ سے انھیں انتہائی نگہداشت والی یونٹ میں رکھا گیا تھا، لیکن تمام کوششوں کے باوجود کورونا انفیکشن کے سبب ان کی حالت لگاتار بگڑتی چلی گئی اور آج وہ انتقال کر گئے۔ وسنت کمار کے انتقال کی خبر کے بعد کئی اہم سیاسی شخصیتوں نے افسوس کا اظہار کیا۔ پی ایم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعہ وسنت کمار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹوئٹ میں پی ایم مودی نے لکھا کہ "لوک سبھا رکن پارلیمنٹ ایچ. وسنت کمار کے انتقال سے تکلیف ہوئی۔ بزنس اور سماجی خدمت کی کوششوں میں ان کا کردار قابل ذکر تھا۔ ان کے ساتھ بات چیت کےد وران میں نے ہمیشہ تمل ناڈو کی ترقی کے تئیں ان کے جنون کو دیکھا۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں کے تئیں ہمدردی۔"

کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے بھی وسنت کمار کے لیے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغام پوسٹ کیا۔ انھوں نے لکھا کہ "کنیاکماری کے رکن پارلیمنٹ وسنت کمار کے کووڈ-19 کے سبب بے وقت انتقال کی خبر سے صدمہ لگا ہے۔ لوگوں کی خدمت کرنے کی کانگریسی نظریہ کے تئیں ان کے عزائم ہمارے دلوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ رہیں گے۔ ان کے دوستوں اور اہل خانہ کے اراکین کے تئیں ہمدردی۔"

کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ "وسنت کمار کے اچانک انتقال سے ہمیں گہری تکلیف ہوئی ہے۔ ایک کٹر کانگریسی، عوام کا سچا لیڈر اور محب رکن پارلیمنٹ۔ کانگریس پارٹی کے سبھی رکن اور ان کے چاہنے والے انھیں یاد کریں گے۔ تکلیف کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردی ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔"

کانگریس رکن پارلیمنٹ وسنت کمار کا جسد خاکی اہل خانہ کے حوالہ

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ایچ وسنت کمار کا جسد خاکی، صحت کے تمام پروٹوکول پر عمل کرنے کے بعد ہفتہ کی صبح ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔

تامل ناڈو کی کنیا کماری لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ایچ وسنت کمار کا جمعہ کو کورونا وائرس کے انفیکشن کے سبب انتقال ہوگیا۔ ان کے جسد خاکی کو موٹی پولی تھین کور سے ڈھک کرایک شفاف باکس میں رکھا گیا ہے اور ایمبولینس کے ذریعہ ٹی نگر میں نٹیسن روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا ۔ یہاں ان کے جسد خاکی کو آخری دیدار کے لئے رکھا گیا ہے۔

وسنت کمار کی کمپنی وسنت اینڈ کمپنی اور وسنت ٹی وی کے ملازمین سمیت متعدد افراد نے ان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور انہیں خراج عقید پیش کیا۔ آنجہانی کی روح کے احترام کے طور پر ، ان کے گھر کے آس پاس کے سارے تاجروں نے اپنی دکانیں بند رکھیں ۔ ان کے ذریعہ کئےگئے سماجی کاموں کے پوسٹر بھی ان کی رہائش گاہ کے قریب لگائے گئے ہیں۔

ان کا جسد خاکی صبح ساڑھے دس بجے تک ان کی رہائش گاہ پر رکھا جائے گا۔ اس کے بعد اسے ٹی این سی سی ہیڈکوارٹر ’ستیامورتی بھون‘ لے جایا جائے گا ، جہاں کانگریس کے رہنما اور مختلف سیاسی ممبران آنجہانی کی روح کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ دن کے قریب دو بجے ، ان کے جسد خاکی کو کنیا کماری کے قریب آبائی گاؤں لے جایا جائے گا جہاں کل ان کی آخری رسوم ادا کی جائیں گی ۔

اہم بات یہ ہے کہ وسنت کمار پہلے ممبر پارلیمنٹ ہیں جو کورونا انفیکشن کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ 10 اگست کو ، کورونا انفیکشن ہونے کے بعد انہیں اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا ، جہاں انہوں نے قریب 20 دن تاحیات جدوجہد کے بعد جمعہ کی رات آخری سانس لی۔


Share: