واشنگٹن، 22/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)یوٹیوب نے اپنے صارفین کے لیے نئی گائیڈ لائنز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت گمراہ کن یا دھوکہ دہی پر مبنی تھمب نیلز کے استعمال کو سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی چینل میں اس قسم کے تھمب نیلز کا استعمال کیا گیا تو اسے فوری طور پر معطل کر دیا جائے گا۔ یہ اقدام یوٹیوب کی پالیسیوں کی پابندی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
گزشتہ کچھ عرصہ سے کئی یوٹیوب چینلز گمراہ کن تھمب نیلز استعمال کرکے صارفین کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ یہ تھمب نیلز اور عنوانات صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں، جبکہ ویڈیو کا مواد ان کے مطابق نہیں ہوتا۔ خاص طور پر سلیبریٹیز اور سیاسی شخصیات سے متعلق ایسے تھمب نیلز زیادہ نظر آتے ہیں۔
یوٹیوب نے اس مسئلے پر سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی گائیڈ لائنز کے تحت ایسے چینلز جو کلک بیٹ تھمب نیلز اور غلط عنوانات کے ذریعے صارفین کو گمراہ کریں گے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یوٹیوب نے اپنے چینلز کو ان گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے لیے مناسب وقت دینے کا وعدہ کیا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر چینلز ان قواعد کی خلاف ورزی کرتے رہے تو انہیں مستقل طور پر معطل کر دیا جائے گا۔