یلاپور ، 19 / نومبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے اومچگی میں واقع کرناٹکا گرامین وکاس بینک میں ڈکیتی کی کوشش ناکام ہونے کے بعد ملزم نے عمارت کو آگ لگا کر راہ فرار اختیار کی تھی ۔ جب پولیس اس ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے بیلگاوی پہنچی تو اس نے پولیس پر حملہ کرنے کے علاوہ خود کشی کرنے کی کوشش کی ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق یلاپور میں یہ معاملہ 12 نومبر کو پیش آیا تھا جب بینک لوٹنے کی کوشش کے دوران سائرن بجنے کی وجہ سے ملزم کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور اس نے غصے میں آ کر عمارت کو آگ لگائی تھی اور موقع پر سے فرار ہوگیا تھا ۔
معاملے کی تفتیش سے پولیس نے پتہ لگایا کہ منگلورو سے تعلق رکھنے والے گوڈیمبیل رفیق نے یہ واردات انجام دی ہے ۔ ملزم بیلگاوی کے خاص باغ والی چوک کے قریب موجود ہونے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے لئے چھاپہ مارا ۔ اس نے اپنے پاس موجود چاقو سے پولیس ٹیم پر حملہ کیا اور سب انسپکٹر سیدپّا گوڈی اور کانسٹیبل شفیع شیخ پر حملہ کرکے انہیں زخمی کر دیا ۔ اس کے بعد وہی چاقو اپنے آپ کو گھونپتے ہوئے خود کشی کرنے کی کوشش کی ۔
پولیس ٹیم کے دیگر اہلکار اور مقامی افراد نے فوری طور پر زخمی پولیس والوں کو ملزم کو بیلگاوی سرکاری اسپتال میں منتقل کیا ۔ معلوم ہوا ہے تینوں زخمیوں کا علاج چل رہا ہے اور سب خطرے سے باہر ہیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یلاپور بینک ڈکیتی معاملے میں ڈرائیور گلزار عبد الرحمن مکاندار اور گجری بیپاری عمران قطب الدین تیگڑی نامی مزید دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے اور تفتیش کے دوران انہوں نے اپنا جرم قبول کیا ہے ۔ جرم انجام دینے کے لئے استعمال کی گئی کار بھی ضبط کر لی گئی ہے ۔
گرفتار شدہ ملزم رفیق کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ڈکیتی اور چوری جیسے کئی جرائم میں ملوث رہا ہے جس کی وجہ سے وہ پولیس کو مطلوب تھا ۔ اس کے ساتھ ایک مجرموں کی ٹولی بھی ہے ۔