منگلورو، 15 / اکتوبر (ایس او نیوز) دکشن کنڑا میں جنوب مغربی مانسون نے پھر ایک بار بحالی کے آثار دکھائے کیونکہ 14 اکتوبر کی شام کو ضلع کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر بارش ہوئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق منگلورو، بنٹوال، بیلتنگڈی، سبرامنیا اور سولیا میں موسلادھار بارش ہوئی ہے ۔ کچھ علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ۔ دن کا آغاز دھند اور ابر آلود حالات کے ساتھ ہوا تھا جس کے بعد شام تک تیز دھوپ چھائی رہی ۔ اس کے بعد موسم اچانک ابر آلود ہو گیا اور موسلادھار برسات ہونے لگی ۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی جانب سے 15 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک ساحلی علاقے کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اس عرصے کے دوران مزید وسیع پیمانے بارشوں کے امکان کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔
بنٹوال اور بیلتنگڈی تعلقہ میں منگل کی شام گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی سربراہی منقطع ہونے اور بجلی کے آلات کو معمولی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں ۔ البتہ کہیں سے بھی کسی بڑے نقصان کی خبر نہیں ملی ہے ۔