منگلورو، 6 / مئی (ایس او نیوز) راوڈی شیٹر اور ہندوتوا وادی کارکن سہاس شیٹی مرڈر کے بعد دکشن کنڑا بند منانے کی اپیل کرنے والے وی ایچ پی لیڈر شرن پمپ ویل کے خلاف کدری پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ سہاس شیٹی کے قتل کے فوری بعد اے جے اسپتال کے احاطے میں سنگھی لیڈر شرن پمپ ویل نے میڈیا کے سامنے اشتعال انگیز تقریر کی تھی اور 2 مئی کو احتجاجی طور پر دکشن کنڑا عوام اور بالخصوص ہندووں سے صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک پورے ضلع میں مکمل بند بنانے کی اپیل کی تھی ۔
شرن پمپ ویل کی اشتعال انگیزی کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں شرن پمپ ویل کے حامیوں نے بسوں پر سنگ باری کی تھی ۔ اس طرح ماحول کشیدہ ہو گیا اور دو فرقوں کے تصادم اور جانی و مالی نقصان کے حالات پیدا ہوئے تھے ۔ اس طرح بدامنی کی صورت حال پیدا کرنے کے الزام میں پولیس نے شرن پمپ ویل پر مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے ۔