ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: اتر کنڑا میں 9 نومبر تک ختم ہو رہی ہے شہری بلدی اداروں کی میعاد - ایڈمنسٹریٹرز کا ہو سکتا ہے تقرر

بھٹکل: اتر کنڑا میں 9 نومبر تک ختم ہو رہی ہے شہری بلدی اداروں کی میعاد - ایڈمنسٹریٹرز کا ہو سکتا ہے تقرر

Wed, 29 Oct 2025 11:06:13    S O News

بھٹکل 29 / اکتوبر (ایس او نیوز) اتر کنڑا ضلع کے گیارہ شہری بلدی اداروں کی میعاد کار 9 نومبر تک ختم ہونے جا رہی ہے ، جس کے بعد ریاستی حکومت کی طرف سے فوری طور پر انتخابات منعقد کرنے کے بجائے ان بلدی اداروں کے لئے ایڈمنسٹریٹرز مقرر کرنے کے امکانات دکھائی دے رہے ہیں ۔
    
فی الحال ریاست کی بہت ساری سٹی میونسپل کاونسلوں، ٹاون میونسپل کاونسلوں اور پٹن پنچایتوں میں منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے انتظامی ذمہ داریاں نبھانے کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے ۔ جس کے بعد ریاستی حکومت کو نئی انتظامیہ تشکیل دینے کے لئے انتخابات کروانے ہیں ۔ لیکن دیکھا یہ جا رہا ہے کہ سرکاری حکومت نے اس کے لئے وارڈوں کی تقسیم، نمائندوں کا ریزرویشن جیسی کسی قسم کی تیاری شروع نہیں کی ہے ۔ جس سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ حکومت اس وقت الیکشن ٹالنے اور ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے ان بلدی اداروں کا انتظام چلانے کے موڈ میں ہے ۔
    
خیال رہے کہ ریاست میں گزشتہ پانچ سال سے ضلع اور تعلقہ پنچایت کے لئے انتخابات منعقد نہیں کیے گئے ہیں اور ایڈمنسٹریٹرز کے سہارے کام چلایا جا رہا ہے ۔ اس لئے اب اگر شہری بلدی اداروں کے لئے بھی حکومت یہی پالیسی اپناتی ہے تو یہ کوئی حیرت کی بات نہیں ہوگی ۔ اس کے علاوہ اگر کوئی اس مسئلے پر عدالت میں چلا جاتا ہے تو پھر حکومت کے لئے الیکشن کو ٹال مٹول میں رکھنا آسان ہو جائے گا ۔
    
کس کی میعاد کب ختم ہوگی :

۱- سرسی سی ایم سی، ڈانڈیلی سی ایم سی  :- 31 اکتوبر
۲ - کاروار سی ایم سی ،  انکولہ ٹی ایم سی :- یکم نومبر
۳ - منڈگوڈ پٹن پنچایت :- 2 نومبر
۴ - کمٹہ ٹی ایم سی ، ہلیال سی ٹی ایم سی :-  3 نومبر
۵ - بھٹکل ٹی ایم سی :- 5 نومبر
۶ - ہوناور پٹن پنچایت :- 7 نومبر
۷ - سداپور پٹن پنچایت :- 9  نومبر 
                
منکی پٹن پنچایت کی حالت :اتر کنڑا ضلع ہوناور تعلقہ کے منکی میں پٹن پنچایت وجود میں آئے ہوئے ایک عرصہ گزر گیا مگر تب سے اب تک یہاں انتخابات منعقد نہیں ہوئے اور آج تک عوامی منتخب نمائندوں کو پٹن پنچایت کی رکنیت کے ساتھ خدمات انجام دینے کا موقع نصیب نہیں ہوا ۔ بس ایڈمنسٹریٹر کے دم پر ہی منکی پٹن پنچایت کا کام چلایا جا رہا ہے ۔  لگتا ہے کہ اب ضلع کے دیگر شہری بلدی اداروں کی بھی یہی درگت ہونے والی ہے ۔


Share: