اعظم گڑھ، 23 ستمبر (ایس او نیوز): اترپردیش کے اعظم گڑھ ضلع میں بیوی اور دو پجاریوں کو گولی مارنے کے ملزم ایک شخص نے اپنے تین بچوں کو گھر کے اندر یرغمال بنا لیا، جس کے بعد تقریباً سات گھنٹے تک پولیس کا محاصرہ جاری رہا۔ بدھ کی صبح پولیس کارروائی کے دوران ملزم اور اس کا ایک بیٹا ہلاک ہوگئے، جبکہ دو بیٹیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
پولیس کے مطابق شمبھُوپور گاؤں میں اروند سنگھ نے منگل کی رات اپنے گھر میں ایک مذہبی رسم کے دوران مبینہ طور پر اپنی اہلیہ ببیتا اور دو پجاریوں کو گولی مار دی۔ یہ رسم اروند کے بھائی کی موت کے سلسلے میں کی جارہی تھی۔ واقعے کے بعد اروند نے اپنے تین بچوں کو ایک کمرے میں بند کردیا اور خود مسلح حالت میں موجود رہا۔
پولیس نے اسے ہتھیار ڈالنے اور بچوں کو چھوڑنے کے لیے مسلسل سمجھانے کی کوشش کی۔ تقریباً سات گھنٹے بعد گھر کے اندر سے گولی چلنے کی آواز سنائی دی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اروند اور اس کا بیٹا شدید زخمی ہوئے۔ دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اروند کی تقریباً ساڑھے تین بجے موت ہوگئی۔ بچے نے بھی علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ دو بیٹیوں کو پولیس نے بحفاظت باہر نکال لیا۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔