کاروار ،8 / مارچ (ایس او نیوز) کرناٹکا اسمبلی میں وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے جو بجٹ پیش کیا اس کے تحت اتر کنڑا ضلع کے شہروں کے لئے نئے منصوبے منظور کیے گئے ہیں، ان میں کاروار، ہلیال، منکی اور ہوناور بھی شامل ہے ۔
بجٹ تفصیلات کے مطابق منکی میں بندرگاہ کی تعمیر ہوگی جبکہ ہوناور میں جہاز بنانے کی سہولت کے علاوہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ندی میں کروز سروس شروع کرنے کا کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ کاروار کے سی برڈ بحری اڈے والے علاقے میں ہوائی اڈے کی تعمیر کے لئے ضروری فنڈ فراہم کرتے ہوئے امسال تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا ۔ ہلیال میں تالاب بھرنے کا بھی منصوبہ منظور کیا گیا ہے ۔
سمندری کٹاو کا سامنا کر رہے ساحلی شہروں میں رکاوٹی انتظامات کے لئے 'شورلائن منیجمنٹ پلان' کے تحت دکشن کنڑا، اُڈپی اور اتر کنڑا کے لئے منصوبوں کی رپورٹ تیار کی جائے گی اور اس کی بنیاد پر ان اضلاع کے مختلف تعلقہ جات میں سمندری کٹاو سے بچاو کے لئے 200 کروڑ روپے کے خرچ پر مرحلہ وار تعمیراتی کام انجام دئے جائیں گے ۔ ساحلی اضلاع میں لنک روڈز کی تعمیر اور توسیع کے لئے بجٹ میں 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔
اتر کنڑا ضلع کے جوئیڈا کو آرگیانک تعلقہ کا درجہ دیتے ہوئے یہاں کے کسانوں کو اپنی آرگیانک فصلوں کو مارکیٹ تک پہنچانے کے لئے معیاری انتظامات کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ جنگلات اور جنگلاتی علاقوں سے متصل راہداریوں میں بسنے والے مختلف درج فہرست قبائل کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اس بار بجٹ میں 200 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔