
اڈپی، 9 / اپریل (ایس او نیوز) امسال پی یو سی کے امتحانات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اڈپی ضلع نے اول نمبر حاصل کی دوڑ میں دکشن کنڑا ضلع کو پیچھے چھوڑ دیا ۔
اڈپی ضلع نے 93.90 فیصد نتائج کے ساتھ ریاستی سطح پر اول مقام حاصل کیا جبکہ دکشن کنڑا ضلع 93.5 فیصد کے ساتھ اول مقام سے ہٹ کر دوسرے مقام پر رک جانا پڑا ۔ اڈپی نے تین سال کے وقفہ کے بعد اپنا کھویا ہوا پہلا مقام حاصل کیا ہے ۔ اس سے قبل 2019-20 میں 90.71 فیصد کے ساتھ اسے پہلا مقام حاصل ہوا تھا ۔ جبکہ دکشن کنڑا ضلع 2021-22, 2022-23, 2023-24 تین سال تک مسلسل پہلے مقام پر ٹکا ہوا تھا ۔
اگر سابقہ برسوں کے نتائج کے ساتھ تقابل کیا جائے تو کارکردگی کے لحاظ سے دونوں اضلاع نے اس مرتبہ بہت اچھا مظاہرہ نہیں کیا ہے ، کیونکہ گزشتہ سال دکشن کنڑا کا نتیجہ 97.37 % اور اڈپی 96.8فیصد تھا ۔ منگلورو کی ایک کالج کے پرنسپال کے مطابق سوشیولوجی کا پرچہ بہت زیادہ سخت ہونے کی وجہ سے نتائج متاثر ہوئے ۔
اڈپی ڈپٹی کمشنر ودیا کماری نے ضلع کے بہترین نتائج کے لئے اساتذہ کی محنت اور لگن کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2024 سے ہی اساتذہ اور کالجوں کے پرنسپال اس سمت میں پورے انہماک کے ساتھ سرگرم ہوگئے تھے ۔ مہمان اساتذہ کا تقرر کیا گیا ۔طلبہ کو اضافی ٹیوشن کی سہولت فراہم کی گئی ۔ ضلع انتظامیہ نے پرائیویٹ کالجوں میں طلبہ کو امتحان کے لئے تیار کرنے میں تعاون فراہم کیا ۔