ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی کے کاپو میں بھیانک سڑک حادثہ؛ 5 مزدور ہلاک، 7 شدید زخمی

اُڈپی کے کاپو میں بھیانک سڑک حادثہ؛ 5 مزدور ہلاک، 7 شدید زخمی

Sun, 30 Nov 2025 23:55:07    S O News
اُڈپی کے کاپو میں بھیانک سڑک حادثہ؛ 5 مزدور ہلاک، 7 شدید زخمی

اُڈپی 30 نومبر(ایس او نیوز) کاپو پولیس اسٹیشن کی حدود میں قومی شاہراہ 66 کے کوتلّکٹّے علاقے میں اتوار کی شام پیش آئے خوفناک حادثے میں منی گُڈس ٹمپو میں سوار شمالی ہندوستان کے پانچ مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ سات دیگر مزدور شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ٹمپو شادی کی تقریبات کے لیے ڈیکوریشن میں استعمال ہونے والے بھاری لوہے کے سامان کو لے جا رہا تھا کہ ڈرائیور گاڑی پر سے قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں ٹمپو ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر اُلٹ گیا، اور گاڑی میں موجود بھاری لوہے کی سلاخیں اور دیگر سامان مزدوروں پر آ گِرا، جس سے پانچ مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

kaup-accident-1

ہلاک ہونے والوں کی شناخت ریاست آسام کے پپّو روی داس (28) اور ہریش (27)، تریپورہ کے گوپی ناتھ (50)، اور مغربی بنگال کے کمل اور سمریش کے طور پر کی گئی ہے۔ جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو اُڈپی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ٹمپو میں کل 12 مزدور سوار تھے اور یہ قافلہ کاپو مزور سے ملپے کی جانب جا رہا تھا۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹمپو مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور مزدور بھاری سامان کے نیچے دب گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی کاپو کے رکنِ اسمبلی گُرمے سریش شیٹی، سابق وزیر ونئے کمار سورکے اور سابق رکن اسمبلی لالاجی آر منڈن اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔ کاپو پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

Click here for report in English


Share: