ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور : عدالت نے بی جے پی لیڈر چئیترا کنداپورا پر اپنے باپ کو ہراساں نہ کرنے کی لگائی پابندی

کنداپور : عدالت نے بی جے پی لیڈر چئیترا کنداپورا پر اپنے باپ کو ہراساں نہ کرنے کی لگائی پابندی

Sat, 20 Dec 2025 16:43:06    S O News
کنداپور : عدالت نے بی جے پی لیڈر چئیترا کنداپورا پر اپنے باپ کو ہراساں نہ کرنے کی لگائی پابندی

کنداپور، 20/ دسمبر (ایس او نیوز) کنداپور کے سب ڈویژنل افسر کی عدالت نے بی جے پی کی فائر برانڈ مقرر چئیترا کندا پورا کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے والد کو کسی بھی قسم کی جسمانی یا ذہنی اذیت کا نشانہ نہ بنائے اور اسے بغیر کسی خوف کے اپنے ہی گھر میں سکون سے رہنے دے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ کندا پور تعلقہ کے چکنسال روڈ کے بال کرشنا نائک (71 سال) نے والدین اور بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال اور بہبود ایکٹ 2007 کے تحت راحت حاصل کرنے کے لیے ٹریبونل سے رجوع کیا تھا ۔

اپنی شکایت میں بال کرشنا نائک نے کہا تھا کہ اس کی بیوی اور بیٹی چئیترا نے  مکان کے کاغذات اپنے نام پر منتقل کرنے کے لیے اس پر دباؤ ڈال رہے ہیں ۔ جب اس نے انکار کیا تو چئیترا نے اپنی ماں اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر دھمکی دی کہ اگر اس نے اس کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کا پردہ فاش کیا تو وہ اسے جان سے مار دیں گے ۔ 
    بتایا جاتا ہے کہ اپنی جان کے خوف سے بال کرشنا نائک نے منگلورو کے ایک پرائیویٹ ہوٹل میں کام شروع کیا اور وہ کبھی کبھار اپنی بڑی بیٹی سے ملنے اپنے آبائی شہر جاتا تھا ۔ بال کرشنا نے الزام لگایا گیا کہ چئیترا اور اس کی ماں اس وقت اسے اپنے گھر میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں اور اسے ساتھ بدسلوکی کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔

شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیترا نے مبینہ طور پر بال کرشنا نائک کو بغیر کسی وجہ کے عوام سطح  پر بدنام کیا تھا، جس کے بعد اس نے کندا پور پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف شکایت درج کرائی تھی ۔ اپنی درخواست میں اس نے اپنے گھر میں رہنے کی اجازت کے ساتھ چئیترا سے اپنے جان و مال کے تحفظ اور متعلقہ جائیداد سے حاصل ہونے والی کرایہ کی آمدنی کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا ۔

دونوں فریقین سے دلائل سننے کے بعد کندا پور کی اسسٹنٹ کمشنر رشمی ایس آر نے عرضی کی اجازت دی اور چئیترا کو ہدایت دی کہ وہ بال کرشنا نائک کو کسی قسم کی جسمانی یا ذہنی تکلیف نہ دے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اسے بلا خوف و خطر اپنے گھر میں رہنے کی اجازت حاصل رہے ۔

2009 کے قواعد کے رول 21 کا اطلاق کرتے ہوئے عدالت نے کندا پور پولیس انسپکٹر کو ہدایت دی کہ وہ بال کرشنا نائک کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے قانون کے مطابق ضروری اقدامات کرے ۔ 


Share: