اُڈپی 7 / نومبر (ایس او نیوز) چلتی ٹرین کی کھڑکی سے موبائل فون نیچے گرنے پر ایمرجنسی زنجیر کھینچ کر ٹرین رکوانے والے مسافر کے خلاف کونکن ریلوے کی طرف سے کیس درج کیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 23 اکتوبر کو منگلا ایکسپریس سے سفر کر رہے ایک شخص نے دیوامکھاواڑی اور کلمبنی اسٹیشن کے بیچ ایمرجنسی ضرورت کے لئے ٹرین کی بوگی میں دستیاب رہنے والی زنجیر کھینچ لی، پھر ٹرین رکتے ہی باہر کود کر ریلوے پٹری کے قریب گرا ہوا اپنا فون اٹھایا اور واپس اپنے کمپارٹمنٹ میں لوٹ آیا تھا۔
اس واقعے کے تعلق سے ٹرین میں موجود ٹراویل ٹکٹ ایگزا مینر پی ایم کرشنن اور اجیت جادھو نے ریلوے پولس کو اپنی رپورٹ پیش کی تھی جس کی بنیاد پر ریلوے پولیس نے ریلوے کے الارم چین کو غیرضروری طورپراستعمال کرنے کی وجہ سے انڈین ریلوے ایکٹ 1989 کی دفعہ 141 کے تحت مذکورہ مسافر کے خلاف کیس درج کر لیا۔
اس پس منظر میں کونکن ریلوے کی طرف سے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ ٹرین میں سفر کے دوران ناگزیر ضرورت اور حقیقی طور پر کوئی ہنگامی صورتحال درپیش ہونے پر ہی الارم چین کھینچیں کیونکہ چھوٹی چھوٹی باتوں کے لئے اورغیرضروری طور پرچین کھینچنا ایک قابل سزا جرم ہے۔