ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل رنگین کٹہ کے پاس درخت اور چبوترا ہٹانے کا معاملہ -تحصیلدار سے درخواست کے بعد مذہبی پروگرام کے لئے دو ہفتے کی مہلت

بھٹکل رنگین کٹہ کے پاس درخت اور چبوترا ہٹانے کا معاملہ -تحصیلدار سے درخواست کے بعد مذہبی پروگرام کے لئے دو ہفتے کی مہلت

Tue, 23 Dec 2025 12:17:45    S O News
بھٹکل رنگین کٹہ کے پاس درخت اور چبوترا ہٹانے کا معاملہ -تحصیلدار سے درخواست کے بعد  مذہبی پروگرام کے لئے دو ہفتے کی مہلت

بھٹکل،23 / دسمبر (ایس او نیوز) ضلع انتظامیہ نے رنگین کٹے کے پاس نیشنل ہائی وے کی توسیع میں رکاوٹ بنے ہوئے برگد کے درخت اور چبوترے کو ہٹانے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کے تعلق سے غور و خوض کرنے کے لئے  رنگین کٹے اور آس پاس کے لوگوں نے بندر روڈ پر واقع ناگ ماستی مندر میں میٹنگ منعقد کی ۔
    
اس میٹنگ میں حاضرین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح پیپل کا درخت اور چبوترا ہٹانے سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچے گی ۔ اس لئے وہاں سے چبوترا ہٹانے سے قبل مذہبی پروگرام منعقد کرنا اور فال نکال کر دیکھنا ہوگا ۔
    
اس میٹنگ کے بعد متعلقہ لوگوں نے تحصیلدار سے ملاقات کی اور چبوترا ہٹانے کے معاملے میں مہلت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے میمورنڈم دیا ۔
    
تحصیلدار ناگیندرا کولاشیٹی نے ان سے ملاقات کرنے والے وفد کو بتایا کہ نیشنل ہائی کی توسیع  کا کام مکمل کرنے کی مدت پہلے ہی  ختم ہو چکی ہے ، اب برسات کا موسم آنے سے پہلے بھٹکل میں شاہراہ کا کام مکمل ہو جانا چاہیے، اس لئے اب کام میں تاخیر کرنے کا موقع نہیں ہے ۔ بات چیت کے بعد بالآخر دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے اس کے اندر تمام مذہبی پروگرام ختم کرنے کی ہدایت دی اور واضح کیا کہ مہلت کا عرصہ ختم ہوتے ہی ضلع انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق شاہراہ کا کام آگے بڑھایا جائے گا ۔ وہاں پر موجود لوگوں نے تحصیلدار کی فیصلے کو قبول کیا ۔ 
    
تحصیلدار کے ساتھ منعقدہ اس میٹنگ میں سرکاری سطح پر ٹی ایم سی چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈ، انسپکٹر دیواکر پی ایم، سی پی آئی منجو ناتھ لنگا ریڈی، آئی آر بی انجینئر سدھیش شیٹی، تعلقہ پنچایت ای او سنیل، ٹاون پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وغیرہ حاضر رہے ۔
    
اس موقع پر وی ایچ پی کے صدر رام کرشنا نائک، بی جے پی تعلقہ صدر لکشمی نارائین، بی جے پی لیڈر شریکانت نائک، جینت نائک، کرشنا نائک، راگھو نائک مٹھلّی، گووندا نائک، دیپک نائک سمیت سماج کے کئی نمائندے موجود تھے ۔


Share: