بھٹکل یکم نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے مغربی گریجویٹس حلقہ کی ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق، بھٹکل کے گریجویٹ مرد و خواتین کے لیے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی جانب سے دو روزہ اسپیشل ووٹر رجسٹریشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ یہ کیمپ اتوار 2 اورپیر 3 نومبر کو تنظیم دفتر میں منعقد کیا جائے گا، جہاں گریجویشن یا اس کے مساوی تعلیم مکمل کرنے والے امیدوار تنظیم دفتر ہی میں فارم نمبر 18 پُر کرکے اپنا نام ووٹر لسٹ میں درج کروا سکتے ہیں۔ تنظیم نے اہل امیدواروں کی مکمل رہنمائی اور دستاویزات کی تیاری میں معاونت کے لیے ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے اعلان کے مطابق، وہ تمام افراد جنہوں نے ہندوستان کی کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے 31 اکتوبر 2022 تک کسی بھی شعبے میں گریجویشن یا اس کے مساوی ڈگری حاصل کی ہے، وہ اس حلقے کے ووٹر کے طور پر رجسٹر ہونے کے اہل ہیں۔ تنظیم کی جانب سے یہ خصوصی کیمپ دو دن کے لیے رکھا گیا ہے، تاہم بھٹکل منی وِدھان سودھا میں ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔
تنظیم نے تمام اہل گریجویٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ تنظیم دفتر آتے وقت اپنے ڈگری سرٹیفیکیٹ کی گزیٹیڈ آفیسر سے تصدیق شدہ نقل، آدھار کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ، ایک پاسپورٹ سائز فوٹو اور رہائشی پتہ ثابت کرنے والے دستاویزات کی نقول اپنے ساتھ لائیں تاکہ رجسٹریشن کا عمل بآسانی مکمل ہوسکے۔
مجلس اصلاح و تنظیم نے بھٹکل کے تمام گریجویٹ مرد و خواتین سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور جلد از جلد اپنے نام کرناٹک مغربی گریجویٹس حلقہ کی ووٹر لسٹ میں درج کرائیں۔ مزید معلومات کے لیے امیدوار تنظیم کی جانب سے جاری کردہ پوسٹر میں دیے گئے نمبرات پر رابطہ کرسکتے ہیں۔