بھٹکل، 12 نومبر (ایس او نیوز): بھٹکل میں سینکڑوں لوگوں کو دھوکہ دے کر فرار ہونے والے تمل ناڈو کے تین افراد کو بھٹکل پولیس نے مینگلور میں گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق، تینوں ملزمان کو کاروار کی ضلعی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق تمل ناڈو کے چینائی سے ہے، جن کی شناخت بالاجی عرف گنیشن، تیاگ راجن، اور میانتھن عرف راجیش کے طور پر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 5 نومبر کو کار اسٹریٹ پر واقع "گلوبل انٹرپرائزس" نامی دکان کے مالکان نے سینکڑوں گاہکوں کو آدھی قیمت پر گھریلوں اور الیکٹرانک اشیاء دینے کا لالچ دے کر، اور دس سے پندرہ دنوں میں سامان کی فراہمی کا وعدہ کرکے لاکھوں روپے پیشگی حاصل کیے تھے۔ تاہم، جب بعض گاہک5 نومبر کو سامان لینے کے لیے دکان پہنچے تو معلوم ہوا کہ دکان کے مالکان پیشگی رقم لے کر فرار ہوچکے ہیں۔ اس کے بعد مشتعل گاہکوں کی بڑی تعداد دکان کے اندر داخل ہوگئی تھی، جبکہ بعض افراد دکان کے اندر موجود صوفے اور دیگر اشیاء بھی اٹھا لے گئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہیں کاروار عدالت میں پیش کرکے پولیس کسٹڈی میں لیا جائے گا اور بعد میں بھٹکل لاکر ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اس معاملے میں مزید چار افراد کی تلاش میں ہے، اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پتہ چلا ہے کہ اب تک تقریباً 240 گاہکوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر دھوکہ دہی کی شکایت درج کرائی ہے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ 28 اکتوبر سے پہلے جن گاہکوں نے گلوبل انٹرپرائزس سے سامان خریدا تھا، انہیں ان کا مال مل چکا ہے، لیکن 28 اکتوبر کے بعد جنہوں نے پیشگی رقم ادا کی تھی، ان کی رقم لے کر دکان مالکان فرار ہوگئے تھے۔
دکان سے مال لوٹنے والوں سے پولیس کی اپیل:
5 نومبر کو دکان بند پائے جانے کی اطلاع کے بعد، بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچے تھے جن میں سے کچھ افراد دکان کے اندر گھس کر صوفے اور دیگر اشیاء اٹھا کر آٹو یا دیگر سواریوں میں لے گئے تھے۔ پولیس نے ان تمام افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ سامان واپس پولیس اسٹیشن میں جمع کرائیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق، دکان اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں ان تمام افراد کی تصویریں ریکارڈ ہوچکی ہیں۔ اس لیے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر لوٹا گیا سامان واپس نہیں کیا گیا تو متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔