اُڈپی 23/جنوری (ایس او نیوز) کارکلا تعلقہ کے میارو کمبل کراس کے قریب ایک نجی بس اور طوفان کروزر کار کے درمیان پیش آنے والے خوفناک سڑک حادثے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 6 سے 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ جمعہ کی دوپہر کو پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق، دھرمستھل سے کارکلا کی جانب آ رہی ایک نجی بس مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث میارو کمبل کراس کے قریب غلط سمت میں داخل ہو گئی، جس کے نتیجے میں سامنے سے آ رہی طوفان گاڑی سے اس کی زور دار ٹکر ہو گئی۔ طوفان گاڑی کلبرگی سے بیلٹھنگڈی/دھرمستھل کی سمت جا رہی تھی۔
حادثے کی شدت کے باعث طوفان گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار مسافر گاڑی کے اندر پھنس گئے۔ حادثے میں طوفان میں سوار تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ دیگر شدید زخمیوں کو فوری طور پر کارکلا کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے بعض کو بہتر علاج کے لیے منی پال اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق چند زخمیوں کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور راہگیروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں اور گاڑی میں پھنسے زخمیوں کو بڑی مشقت کے بعد باہر نکال کر اسپتال پہنچانے میں مدد کی۔ حادثے کے باعث میارو روڈ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک بھی متاثر رہی۔
کارکلا پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا ہے اور ابتدائی جانچ میں بس ڈرائیور کی لاپرواہی کو حادثے کی وجہ بتایا جا رہا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔