ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں پیش آئے 'پوشن ٹریکر' ایپ کے ذریعے سائبر فراڈ کے تین معاملے

بھٹکل میں پیش آئے 'پوشن ٹریکر' ایپ کے ذریعے سائبر فراڈ کے تین معاملے

Sun, 12 Oct 2025 20:58:28    S O News
بھٹکل میں پیش آئے 'پوشن ٹریکر' ایپ کے ذریعے سائبر فراڈ کے تین معاملے

بھٹکل 12/ اکتوبر (ایس او نیوز) سائبر کرائم کے ماہر فریب کاروں نے اب پہلی بار حاملہ ہونے والے خواتین کو مرکزی حکومت کی جانب سے "پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا" کے تحت براہ راست مالی امداد فراہم کرنے والے 'پوشن ٹریکر' کے ذریعے لوٹنا شروع کیا ہے ۔ 

    معلوم ہوا ہے کہ آنگن واڑی ورکرس کے ذریعے حاملہ خواتین کی جو تفصیلات اور معلومات اس اسکیم کے لئے جمع کی جاتی ہیں، اسے سائبر کرائم انجام دینے والے دھوکے باز  پوشن ٹریکر ایپ سے ہیاک کرتے ہوئے اس کا غلط استعمال کرتے ہیں، اور خواتین کو مالی طور پر لوٹنے کی کارروائی انجام دینے لگے ہیں ۔

    بتایا جاتا ہے کہ 'ماترو وندنا یوجنا' کے مستفیض ہونے والوں کی جو لسٹ سرکاری طور پر تیار کی جاتی ہے اس میں سے کچھ لوگوں کو سائبر کرائم انجام دینے والوں کی طرف سے فون کال موصول ہوتی ہے جس میں ان کے لئے بارہ تا بیس ہزار روپے تک کی رقم منظور ہونے کی بات کہی جاتی ہے اور اسے حاصل کرنے  کے لئے تین ہزار روپے کی ایک قسط کسی اکاونٹ میں جمع کرنے کے لئے کہا جاتا ہے ۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ  اس اسکیم کے تحت سرکاری طور پر کسی خاتون کے  پہلی مرتبہ زچگی کے بعد پانچ پانچ ہزار روپوں کی دو قسطیں اور دوسرے بچے کے موقع پرصرف چھ ہزار روپے کی ایک قسط براہ راست اس کے بینک کھاتےمیں جمع ہوتی ہے ۔ یہ رقم حاملہ خاتون کے لئے بہتر غذا اور صحت و علاج کے سلسلے میں تعاون کے طور پر ادا کی جاتی ہے ۔  

    چونکہ یہ مرکزی حکومت کی اسکیم ہے اس لئے لوگوں کا اعتماد جیتنے کے لئے یہ دھوکے باز ہندی میں بات کرتے ہیں اور اپنے آپ کو جھارکھنڈ حکومت کے افسران بتاتے ہیں ۔ 
    محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حال ہی میں بھٹکل میں ایسے فراڈ کے تین معاملے پیش آئے ہیں اور فی کس تین ہزار روپے کے حساب سے 9 ہزار روپوں کا دھوکہ دیا گیا ہے ۔


Share: