ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ڈکیتی کی سازش ناکام، تین گرفتار، دو فرار

بھٹکل میں ڈکیتی کی سازش ناکام، تین گرفتار، دو فرار

Thu, 29 May 2025 07:36:28    S O News
بھٹکل میں ڈکیتی کی سازش ناکام، تین گرفتار، دو فرار

بھٹکل 29/مئی (ایس او نیوز) ساگر روڈ کے قریب بلال کھنڈ میں بدھ کی علی الصبح ایک بڑی کارروائی میں پولیس نے ڈکیتی کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا، جب کہ دو ملزمین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

گرفتار شدگان کی شناخت جلیل حسین (عمر 39 سال، ساکن منگلورو)، ناصر حکیم (ساکن بھٹکل)، اور ایک نابالغ کے طور پر کی گئی ہے۔ فرار ملزمین کی شناخت ذیشان اور نبیل کے طور پر کی گئی ہے دونوں بھٹکل کے رہائشی ہیں۔ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، یہ پانچوں ملزمان 28 مئی ، بدھ کو علی الصبح ایک ٹویوٹا انووا کار میں سوار ہوکر علاقے میں ڈکیتی کی نیت سے پہنچے تھے۔ ان کے قبضے سے چاقو، مرچ پاؤڈر، منکی کیپس، بیلٹ، ترپال اور دیگر مشکوک اشیاء برآمد ہوئی ہیں، جو عام طور پر ڈکیتی میں استعمال کی جاتی ہیں۔

پولیس کے مطابق، جلیل حسین پیشے سے ڈرائیور ہے اور "گروڑا گینگ" کا سرگرم رکن مانا جاتا ہے۔ اس کے خلاف کئی سنگین مقدمات درج ہیں۔ ناصر حکیم کو بھی بین الاضلاع مجرم کے طور پر جانا جاتا ہے اور اس پر بھی کئی الزامات ہیں۔

پولس ذرائع کے ذریعے دی گئی جانکاری کے مطابق ڈکیتی کی سازش اس وقت بے نقاب ہوئی جب بھٹکل رورل پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی رنّا گوڈا پاٹل نے شبہ کی بنیاد پر ایک اندھیرے چوراہے پر کھڑی کار کو دیکھا۔ جب وہ تفتیش کے لیے قریب گئے تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش میں گاڑی ریورس کی، لیکن قابو کھو بیٹھے اور گاڑی سڑک کنارے نالے میں جا گری۔ اس دوران تین ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا، جب کہ دو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس نے گرفتار شدگان کے قبضے سے دو موبائل فون، 1500 روپے نقد، ٹویوٹا انووا کار، اور دیگر مشکوک اشیاء برآمد کی ہیں۔ بھٹکل مضافاتی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Click here for report in english 


Share: