پیرس، 21 اکتوبر (ایس او نیوز): دنیا کے مشہور ترین میوزیم لوور (Louvre) میں اتوار کی صبح محض سات منٹ میں ایک حیران کن واردات انجام پائی، جب چار نقاب پوش چور لاکھوں یورو مالیت کے آٹھ قیمتی زیورات لے اڑے۔ یہ واقعہ صبح 9:30 بجے اس وقت پیش آیا جب میوزیم کھلنے کے صرف تیس منٹ بعد سیاح اندر موجود تھے۔
اطلاعات کے مطابق فرانسیسی حکام اب تک چوروں اور چوری شدہ اشیاء کی تلاش میں مصروف ہیں۔ حکام نے اعتراف کیا ہے کہ میوزیم کی سیکورٹی میں سنگین خامیوں کے باعث یہ جری واردات ممکن ہوسکی۔
زیورات کے ایک ماہر نے برطانوی اخبار گارڈین سے گفتگو میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’آج کل تو کارٹیئر کی دکان لوور میوزیم سے زیادہ محفوظ ہے۔‘‘
رپورٹس کے مطابق چوروں نے ایک ٹرک پر نصب برقی سیڑھی کی مدد سے دریائے سین (Seine) کے قریب واقع میوزیم کی دوسری منزل کی کھڑکی سے داخل ہونے کا راستہ بنایا۔ دو چور اوپر چڑھ گئے، جبکہ دو نیچے ٹرک کے پاس موجود رہے۔ اندر داخل ہوکر انہوں نے پاور ٹولز سے شیشے کے شوکیس توڑ ڈالے اور زیورات لے کر فرار ہوگئے۔ الارم بجنے پر میوزیم خالی کرایا گیا، مگر چور چار منٹ سے بھی کم وقت میں وہاں سے نکل گئے۔
چوروں نے واپسی پر فرار ہوتے وقت ایک سیڑھی ٹرک کو آگ لگانے کی کوشش کی، لیکن میوزیم کے عملے نے اسے روک دیا۔ اس کے بعد تمام چور دو موٹر بائیکس پر فرار ہوگئے۔
چوری شدہ قیمتی اشیاء
میوزیم کے مطابق کل آٹھ قیمتی زیورات چوری ہوئے، جن میں سے کچھ تاریخی شاہی کلیکشن سے تعلق رکھتے ہیں:
نیلم کا تاج: ملکہ میری امیلی اور ہورٹنس کا۔
نیلم کا ہار: اسی کلیکشن سے۔
ایک نیلم کی بالی: جو ایک جوڑے کا حصہ تھی۔
زمرد کا ہار: نپولین بوناپارٹ کی بیوی ایمپریس میری لوئز کا۔
زمرد کی بالیاں: مذکورہ ہار سے میل کھاتی ہوئی۔
تاج: ایمپریس یوجینی (Eugénie) کا۔
بوڈیس ناٹ بروچ (Corsage Bow Brooch): ایمپریس یوجینی کے استعمال میں۔
ریلیک بروچ: ایک تاریخی مذہبی یادگار کے نمائش کے لیے تیار کیا گیا بروچ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چور جاتے ہوئے ایک تاج گرا گئے جس میں 1,354 ہیرے اور 56 زمرد جڑے تھے۔ یہ تاج ایمپریس میری لوئز کا تھا۔ ویسے تو تاج نقصان پہنچا، مگر برآمد کرلیا گیا۔
میوزیم کے حکام نے بتایا کہ خوش قسمتی سے چوروں نے ’ریجنٹ ڈائمنڈ‘ (Regent Diamond) کو نہیں چھوا، جس کی مالیت 60 ملین ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔
یہ واقعہ مشہور پینٹنگ ’مونا لیزا‘ کے مقام سے تقریباً 270 گز کے فاصلے پر پیش آیا۔
دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے میوزیم، لوور، نے اس واقعے کے بعد اعلان کیا کہ ’’غیر معمولی وجوہات‘‘ کی بنا پر میوزیم کو بقیہ دن کے لیے بند رکھا جائے گا۔