ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں شام کا اندھیرا پھیلتے ہی موسم اچانک سرد؛ نزلہ، بخار اور انفیکشن کے معاملات میں اضافے کا خدشہ

بھٹکل میں شام کا اندھیرا پھیلتے ہی موسم اچانک سرد؛ نزلہ، بخار اور انفیکشن کے معاملات میں اضافے کا خدشہ

Tue, 11 Nov 2025 21:32:51    S O News
بھٹکل میں شام کا اندھیرا پھیلتے ہی موسم اچانک سرد؛ نزلہ، بخار اور انفیکشن کے معاملات میں اضافے کا خدشہ

بھٹکل 11/نومبر (ایس او نیوز): گزشتہ دو روز سے بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا کے کئی علاقوں، خصوصاً پڑوسی اضلاع اُڈپی اور جنوبی کینرا میں موسم میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔

شام کا اندھیرا پھیلتے ہی موسم اچانک سرد ہوجاتا ہے، جو رات بھر مزید ٹھنڈا رہتے ہوئے صبح کے وقت شدید سردی میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ شام کے وقت درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ رات کے اندھیرے میں گھٹ کر پہلے، 24، پھر 23 اور صبح تک یہ 22 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔ دوسری جانب دوپہر کے وقت دھوپ کی تپش کے باعث موسم دوبارہ گرم ہوجاتا ہے اور درجہ حرارت بڑھ کر 30 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔

موسم میں اس اچانک تبدیلی کے نتیجے میں عوام میں نزلہ، بخار اور دیگر انفیکشن کی بیماریوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ایسے موسم میں گلے میں درد، سردی، کھانسی اور بخار کی شکایت بڑھ سکتی ہے، اور خصوصاً بچے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

اگرچہ خطے میں اس سے قبل اچھی بارش ہوئی تھی، لیکن موجودہ خشک موسم کے دوران مختلف مقامات پر جمع پانی ابھی تک نہیں سوکھ سکا، جس کے نتیجے میں ڈینگو پھیلانے والے مچھروں کی افزائش بڑھنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مچھر سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اسکولوں کو صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ بچوں کو بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

مزید احتیاطی اقدامات کے طور پر عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اطراف کی جگہ صاف اور خشک رکھیں، ہاتھ اور پاؤں باقاعدگی سے دھوئیں، قوتِ مدافعت بڑھانے والی غذائیں استعمال کریں، گرم پانی پئیں اور تازہ پکا ہوا کھانا کھائیں۔


Share: