بھٹکل ، 18 / اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل ٹاون میونسپالٹی کی جانب سے آوارہ کتوں کی دہشت پر قابو کے اقدام کے طورپر کتوں کو پکڑ کر ان کی نس بندی کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔
ٹی ایم سی چیف آفیسر نے بتایا ہے کہ بھٹکل ٹی ایم سی نے آوارہ کتوں کی نس بندی کے لئے مہاراشٹرا کی اینیمل ویلفیئر اینڈ اینٹی ہراسمنٹ سوسائٹی کو 6 لاکھ 60 ہزار روپے کا ٹینڈر منظور کیا ہے ۔ پندرہ دن کے وقفے میں تقریباً 400 آوارہ کتوں کی نس بندی کا آپریشن کرنے کا نشانہ رکھا گیا ہے ۔ چونکہ ایک بار کتوں کو پکڑنے کا عمل شروع ہونے کے ساتھ گلیوں میں ان کتوں کے بھاگ نکلنے کی گنجائش بڑھ جاتی ہے اس لئے نشانہ پورا کرنے کے لئے پندرہ دن سے زیادہ عرصہ لگنے کی توقع ہے ۔
خیال رہے کہ بھٹکل ٹاون کے علاوہ تعلقہ کے اطراف اور مضافات میں آوارہ کتوں کی تعداد حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور چھوٹے بچوں سمیت عام لوگوں پر ان کے حملوں کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں ۔ اس سے ہر جگہ عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ سڑکوں پر کچروں کے ڈھیر کے اطراف بھٹکنے والے کتوں کے غول سڑک حادثوں کا سبب بھی بن رہے ہیں ۔
بھٹکل میں یہ مسئلہ اس وقت اور بھی گمبھیر ہوگیا جب پیچھا کرکے کاٹنے والے کتوں کو مارنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف کتوں کے پریمی ایک شخص نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ۔ ایک طرف کتوں کی وجہ سے لوگوں کی جان اور صحت کو درپیش خطرات ہیں تو دوسری طرف قانونی طور پر کتوں کے حقوق ہیں جو انہیں مارنے یا سزا دینے کی راہ میں آڑے آتے ہیں ۔
اب قانونی گنجائش کے مطابق بھٹکل ٹی ایم سی نے ان کتوں کی نس بندی کرنے کا جو انتظام کیا ہے، امید ہے کہ اس سے ان کتوں کی آبادی پر روک لگے گی اور اس طرح ایک حد تک اس مسئلے کا حل نکلے گا ۔