ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا اس مرتبہ ریاستی بجٹ میں ضلع اتر کنڑا کے مسائل کا حل نکلے گا ؟

کیا اس مرتبہ ریاستی بجٹ میں ضلع اتر کنڑا کے مسائل کا حل نکلے گا ؟

Sun, 15 Feb 2026 13:13:19    S O News

کاروار، 15 / فروری (ایس او نیوز) آئندہ مہینے مارچ میں جو ریاستی بجٹ 2026-27 پیش ہونے جا رہا ہے اس سے ضلع اتر کنڑا میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل، سڑکوں کی بہتر حالت، حادثات کی روک تھام، ماہی گیری، نقل و حمل کے نظام جیسے مسائل کا نکلنے کی توقعات وابستہ ہیں ۔ 
    
ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا اور انکولہ کاروار حلقہ کے رکن اسمبلی ستیش سئیل نے کئی مرتبہ تیقن دیا ہے کہ اس بار بجٹ میں ضلع میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کی سہولت فراہم کرنے کے تعلق سے اعلان ہوگا ۔ 
    
سمجھا جاتا ہے کہ کاروار میڈیکل سائنسس کالج احاطے میں موجود ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کو ترقی دے کر سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل میں تبدیل کیا جائے گا ۔ لیکن اس کے ساتھ ضلع میں سڑک حادثوں کی روک تھام اور تعلقہ اسپتالوں کو بہتر سہولتوں کے ساتھ معیاری علاج کے قابل بنانے کے لئے بھی سرکاری سطح پر اقدامات ضروری ہیں ۔
    
حادثات اور سڑکوں کی خستہ حالت :اتر کنڑا کے ساحلی علاقے میں پیش آنے والے حادثات کے متاثرین کو زیادہ تر کمٹہ اور ہوناور کے تعلقہ اسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے جہاں انہیں ابتدائی علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔ اس لئے وہاں عمدہ علاج کے لئے درکار تمام بنیادی سہولتوں کا انتظام کرنا بہت ضروری ہے ۔ اسی  کے ساتھ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی درستگی اور بہتر دیکھ ریکھ کی توجہ دینا بھی ضروری ہے، کیونکہ  دیہی علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالت کی وجہ سے مریضوں اور سڑک حادثات کے متاثرین کو تعلقہ اسپتالوں تک پہنچانے میں اکثر تاخیر اور مشکلات سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعض دفعہ یہی تاخیر متاثرین کی موت کا سبب بن جاتی ہے ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ریاستی حکومت اس مرتبہ بجٹ میں ان مسائل کے حل کی توجہ ضرور دے گی ۔
    
ماہی گیری کا مسئلہ :اس وقت ساحلی علاقوں میں لائٹ فشنگ اور پلاسٹک کے استعمال جیسے غیر سائنٹفک طریقوں سے مچھلیوں کا شکار جو ہو رہا ہے اس کی وجہ سے مچھلیوں کی افزائش بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ اس سے ماہی گیری کے پیشے کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ گزشتہ دو ایک مہینے سے مارکیٹ میں مچھلیوں کا قحط پڑ گیا ہے ۔ مچھلی کا تیل نکالنے والی فیکٹریوں میں کام بند ہوگیا ہے ۔ ماہی گیری بندرگاہوں کی گودیوں میں کچرا اور کیچڑٰ جمع ہونے کی وجہ سے ماہی گیری کی کشتیاں چلانا دوبھر ہوگیا ہے ۔ اس لئے ماہی گیروں کا مطالبہ ہے کہ گودیوں سے کچرا نکال کر انہیں گہرا کرنے کے لئے بڑی مقدار میں خصوصی فنڈ جاری کیا جائے ۔

سیاحت کا فروغ :    ریاست کے ساحلی علاقے میں ٹورزم کو فروغ دینے کے تعلق سے حال ہی میں منگلورو میں سرمایہ کاروں ، ساحلی و ملناڈ علاقے کے ڈپٹی کمشنروں اور عوامی نمائندوں کی ایک میٹنگ منعقد ہو چکی ہے ۔ اس میٹنگ میں بعض سرمایہ کاروں نے دلچسپی دکھاتے ہوئے سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ مگر اتر کنڑا ضلع میں سرمایہ کاری کے لئے کوئی آگے نہیں آیا ہے ۔ اس لئے نئے بجٹ میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے مقصد سے خصوصی منصوبے پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔

ٹرانسپورٹ سسٹم : ساحلی پٹی پر سرکاری روڈ ٹرانسپورٹ کا نظام انتہائی خراب ہوگیا ہے  اور یہ بات حکومت کے علم میں ہے ۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق یہاں دیگر جرائم کے مقابلے میں سڑک حادثات کے معاملوں کی تعداد زیادہ ہے ۔  اس کے علاوہ سول ایئر پورٹ کی سہولت کا منصوبہ ابھی عمل میں نہیں آیا ہے ۔ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے واٹر میٹرو کی سہولت فراہم کرنے کے بارے میں ضلع انچارج وزیر بار بار اعلان کرتے رہے ہیں ۔ اس لئے غالب گمان ہے کہ اس منصوبے کے لئے بھی اس بجٹ میں فنڈ کا اعلان کیا جائے گا ۔

پہاڑی علاقے کے مسائل :ضلع کے گھاٹ والے علاقے عوام بھی اس مرتبہ بجٹ میں ان کے مسائل حل سے متعلقہ اعلانات کی امید لگائے بیٹھے ہیں ۔ یہاں کے عوام کا سب سے اہم مسئلہ سپاری کے درختوں کو لگنے والی بیماری کی ہے ۔ اس کی روک تھام کے لئے سرکاری طور پر اقدامات کرنا اور متاثرہ باغبانوں کو مدد فراہم کرنا ضروری ہے ۔  اس کے علاوہ دھارواڑ کی دودھ فروشی کی فیڈریشن سے ضلع اتر کنڑا کو الگ کرتے ہوئے ایک الگ فیڈریشن تشکیل دینے کا مطالبہ کئی برسوں سے کیا جا رہا ہے ۔ اس مرتبہ بجٹ میں اسے عملی شکل دینے کی مانگ کی جا رہی ہے ۔

قدرتی آفات کا مسئلہ : مانسون دوران سمندری کٹاو، پہاڑیاں اور زمینیں کھسکنے کے معاملے ، سیلاب جیسے مسائل اتر کنڑا  کا معمول بن گئے ہیں اور گزشتہ چند برسوں سے صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے ۔ اس کے لئے عوام ریاستی حکومت کی طرف سے مناسب حل تجویز کرنے اور بجٹ میں اس زمرے کے لئے خصوصی فنڈ مختص کرنے کی مانگ کر رہے ہیں ۔

سرسی ضلع کی تشکیل :تقریباً ایک دہائی سے اتر کنڑا کو تقسیم کرکے سرسی کو ایک الگ ضلع بنانے کی مانگ وقتاً فوقتاً کی جاتی رہی ہے ۔ اس تعلق سے ریاستی حکومت کی طرف سے بجٹ میں کیا اعلان ہوتا ہے اس پر بھی لوگوں کی نظریں لگی ہوئی ہیں ۔

اس کے علاوہ اس علاقے روزگار کے لئے دوسرے مقامات پر جانے والے نوجوانوں کو روکنے کے لئے سرسی میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کے سلسلے میں اعلان کی مانگ کی جا رہی ہے ۔


Share: