ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایس ایس ایل سی کے نتائج : دکشن کنڑا اول، اُڈپی دوم، اُتر کنڑا تیسرے مقام پر - سرسی سرکاری اسکول کی شگفتہ اول رینک میں شامل -اُترکنڑا کی دو طالبات نے حاصل کیا دوسرا رینک

ایس ایس ایل سی کے نتائج : دکشن کنڑا اول، اُڈپی دوم، اُتر کنڑا تیسرے مقام پر - سرسی سرکاری اسکول کی شگفتہ اول رینک میں شامل -اُترکنڑا کی دو طالبات نے حاصل کیا دوسرا رینک

Sat, 03 May 2025 12:20:22    S O News
ایس ایس ایل سی کے نتائج : دکشن کنڑا اول، اُڈپی دوم، اُتر کنڑا تیسرے مقام پر - سرسی سرکاری اسکول کی شگفتہ اول  رینک میں شامل -اُترکنڑا  کی دو طالبات نے حاصل کیا دوسرا رینک

بھٹکل3 / مئی (ایس او نیوز) امسال ایس ایس ایل سی امتحان کے جو نتائج ظاہر ہوئے ہیں اس میں اُتر کنڑا ضلع نے  بہترین پرفارمینس پیش کیا ہے، جس میں سے ایک طرف کاروار تعلیمی ضلع پوری  ریاست میں تیسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے، وہیں سرسی تعلیمی ضلع کے ایک سرکاری اسکول کی طالبہ شگفتہ انجم اُن 22  اول رینک والے اسٹوڈینٹس میں شامل ہونے میں کامیاب رہی ہیں جنہوں نے صد فیصد نتائج حاصل کئے ہیں۔

کاروار تعلیمی ضلع سے امتحان دینے والے 8,890 طلبہ میں سے 7,397 طلبہ کامیاب ہوئے اور مجموعی شرح کامیابی 83.21فیصد رہی ۔ اس طرح اتر کنڑا گزشتہ سال کے پانچویں مقام سے آگے بڑھ کر امسال تیسرے مقام پر آ گیا ۔ اتر کنڑا کے جملہ 77 طلبہ ٹاپ ٹین کی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ جبکہ  91.12 فیصد  کے ساتھ دکشن کنڑا اول مقام پر اور 89.96% کے ساتھ اڈپی ضلع دوسرے مقام پر رہنے میں کامیاب ہوا ہے ۔ ریاستی سطح پر 82.29 فیصد  کے ساتھ شیموگہ ضلع چوتھے مقام پر رہا ۔
    

   ضلعی سطح پر بھٹکل نمبر ون :  کاروار  تعلیمی ضلعی سطح پر نتائج کی بات کریں تو بھٹکل تعلقہ 88.75 فیصد مجموعی نتائج  کے ساتھ  اول نمبر پر رہا ۔ ہوناور تعلقہ 88.70فیصد کے ساتھ دوسرے اور کمٹہ تعلقہ 82.98 فیصد کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا ۔ جبکہ انکولہ 76.07فیصد  کے ساتھ چوتھے اور کاروار 76.03 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔
    
سرسی تعلیمی ضلع ساتویں مقام پر :    جہاں تک سرسی تعلیمی ضلع کی بات ہے یہاں 9368 طلبہ نے امتحان دیا تھا ۔ ان میں سے 7538 طلبہ نے کامیابی درج کی جس کی وجہ سے مجموعی شرح کامیابی 80.47فیصد رہی ۔ اس بنیاد پر ریاستی سطح پر سرسی تعلیمی ضلع گزشتہ سال کے آٹھویں نمبر سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے امسال ساتویں پائیدان پر آگیا ۔   خوشی کی بات یہ ہے کہ امسال ریاست میں 22 اسٹوڈینٹس نے 625 میں 625 مارکس کے ساتھ  اول نمبر سے کامیاب ہوئے ہیں، اس میں سرسی سرکاری اُردو  اسکول کی ایک طالبہ شگفتہ انجم بھی شامل ہیں، جس نےانگریزی میڈیم  سے  تعلیم حاصل کرتے ہوئے یہ کامیابی پائی ہے۔

 شگفتہ  ریاستی سطح پر اول رینک میں شامل :     سرسی ٹیپو نگر کی رہنے والی اور بہار سے تعلق رکھنے والے عالم دین مولانا منظورالاسلام کی بیٹی شگفتہ انجم نے  اس مرتبہ شاندار کامیابی درج کی اورصدفیصد مارکس حاصل کئے ۔ شگفتہ انجم کی اس شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے بی ای او ناگ راج نائک، ہیڈ ماسٹر آنند ایس کورور کے علاوہ اساتذہ اور ملی و سماجی قائدین نے مبارک باد پیش کی ہے ۔
    
کیا کہتی ہے شگفتہ پروین :اپنی کامیابی کے تعلق سے شگفتہ پروین نے کہا کہ اس نے سرسی کے اردو میڈیم اسکول میں انگریزی میڈیم کو چُنا  تھا اور آٹھویں جماعت میں داخلہ لیا تھا ۔ بہار سے تعلق رکھنے کی وجہ سے اسے کنڑا لکھنا، پڑھنا اور بولنا نہیں آتا تھا ۔ لیکن جلد ہی اس نے کنڑی زبان بھی سیکھ لی  اور آج ریاستی سطح پر اول رینک حاصل کرتے ہوئے ضلع کے لئے قابل فخر مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔ شگفتہ نے اپنی اس شاندار کامیابی  پر اللہ رب العزت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  اپنے اساتذہ  کے ساتھ  اپنے والدین کی پشت پناہی  کو کریڈٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ  اس کی اس کامیابی کے پیچھے اسکول ہیڈ ماسٹر آنند ایس کورور اور دیگر اساتذہ بالخصوص شگفتہ نسیم   کی محنت اور شفقت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ وہ کرناٹکا میں ہی رہتے ہوئے سائنس فیکلٹی میں تعلیم جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ طبی  تعلیم میں داخلے کے لئے نیٹ کا امتحان پاس کرنا اس کا اگلا نشانہ ہے ۔
    
کیا کہتی ہیں شگفتہ کی کلاس ٹیچر :ریاستی سطح پر اول رینک حاصل کرنے والی شگفتہ انجم کی کلاس ٹیچرکا نام بھی اتفاق سے شگفتہ نسیم ہے ۔ وہ کہتی ہیں کہ انجم نے گزشتہ سال ہمارے اسکول میں داخلہ لیا تھا۔ اس سے قبل وہ بہار میں زیر تعلیم تھی ۔ وہ بڑی محنتی اور فرمانبردار طالبہ ہے ۔ ابتدا میں اسے حساب اور سائنس کے مضامین سے دقت کا سامنا کرنا پڑا ۔ مگر اپنی محنت سے اس نے مشکلات پر قابو پا لیا ۔ اس کی نمایاں ترین کامیابی پر ہم سب کو فخر ہے ۔

karnataka-sslc-2025-topper-shagufta-anjum-from-sirsi.jpg

    ضلع کی دو طالبات کو دوسرا مقام :    کاروار تعلیمی ضلع سے کمٹہ گبس انگلش میڈیم ہائی اسکول کی طالبہ بھومیکا ناگ راج ہیگڑے اور سرسی ماریکمبا سرکاری ہائی اسکول کی طالبہ تنوشری نرسنہا جوشی  625 میں سے 624 مارکس حاصل کرتے ہوئے ریاستی سطح پر دوسرا رینک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں ۔ 
    
تنوشری کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ بنیادی طور پر ایک کسان خاندان سے تعلق رکھتی ہے ۔ جبکہ بھومیکا کمٹہ میں ہنومنتا بینے سرکاری پی یو کالج کے پروفیسر ناگ راج نارائین ہیگڑے کی بیٹی ہے ۔ اس نے امتحان کی تیاری کے لئے کسی سے بھی ٹیوشن نہیں لیا تھا ۔ اس نے بھی اپنی کامیابی میں اسکول ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ کی محنت اور شفقت کا ہاتھ ہونے کی بات کہی ہے ۔ 
    
محکمہ تعلیمات کے ڈی ڈی پی آئی اور دیگر افسران نے ان تینوں طالبات کی قابل رشک کامیابی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے ۔ 


Share: