ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی ایئرپورٹ پر اسپائس جیٹ کے مسافروں کا احتجاج، دبئی کی دو پروازیں 24 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار

دہلی ایئرپورٹ پر اسپائس جیٹ کے مسافروں کا احتجاج، دبئی کی دو پروازیں 24 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار

Tue, 15 Sep 2026 19:02:51    S O News

نئی دہلی، 15 /ستمبر(ایس او نیوز ) دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسپائس جیٹ کی دبئی جانے والی دو پروازوں میں 24 گھنٹے سے زائد کی تاخیر کے بعد تقریباً 200 مشتعل مسافروں نے احتجاج کیا اور ٹرمینل میں دھرنا دے کر اپنی ناراضی ظاہر کی۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ انہیں پروازوں کی روانگی کے بارے میں واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہی تھیں اور بار بار پروازوں کے اوقات تبدیل کیے جا رہے تھے۔

متاثرہ پروازیں SG 5111 اور SG 5105 تھیں، جو دونوں دہلی سے دبئی کے لیے مقرر تھیں۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق SG 5111 کو 14 ستمبر کی صبح روانہ ہونا تھا، جبکہ SG 5105 کی روانگی اسی روز شام کو مقرر تھی۔ دونوں پروازوں کے شیڈول میں بار بار تبدیلی کی گئی اور مسافر طویل وقت تک دہلی ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔ 

رپورٹس کے مطابق SG 5111 کی مقررہ روانگی کا وقت تقریباً صبح 8:30 بجے تھا، جبکہ بعض مقامی رپورٹس میں ابتدائی شیڈول 7:45 بجے بتایا گیا ہے۔ پرواز کو متعدد مرتبہ آگے بڑھایا گیا اور بعد میں اس کا اسٹیٹس منسوخی تک پہنچ گیا۔ فلائٹ ٹریکنگ ذرائع نے بھی SG 5111 کو منسوخ دکھایا۔

دوسری جانب SG 5105 کی دہلی سے دبئی روانگی 14 ستمبر کی شام مقرر تھی، لیکن اسے 15 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا۔ بعض رپورٹس کے مطابق اس پرواز کو تقریباً دوپہر تک کے لیے reschedule کیا گیا تھا، تاہم مسافروں کو اس کے بعد بھی بروقت اور واضح معلومات نہ ملنے پر شدید ناراضی ہوئی۔

مسافروں کی شکایات کا مرکز صرف تاخیر نہیں بلکہ معلومات کی کمی اور مناسب انتظامات کا فقدان بھی تھا۔ بعض مسافروں نے الزام لگایا کہ طویل انتظار کے دوران اسپائس جیٹ کا مناسب نمائندہ موقع پر موجود نہیں تھا۔ ویڈیوز میں کئی مسافروں کو ایئرپورٹ کے اندر فرش پر بیٹھے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ بعض نے کھانے، پانی اور رہائش کے انتظام کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کے دوران بعض مسافر اسپائس جیٹ کے خلاف نعرے بھی لگاتے نظر آئے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مسافروں نے بار بار پرواز ملتوی کیے جانے اور انہیں واضح جواب نہ ملنے پر شدید غصے کا اظہار کیا۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے دہلی ایئرپورٹ اور DIAL کے عملے نے مسافروں کے لیے کھانے، پانی/ریفریشمنٹ اور آرام کرنے کی جگہ کا انتظام کیا۔ تاہم مسافر اس بات پر زور دیتے رہے کہ انہیں صرف عارضی سہولت نہیں بلکہ اپنی منزل دبئی پہنچنے کے لیے واضح اور قابلِ اعتماد متبادل انتظام بتایا جائے۔

اسپائس جیٹ کی وضاحت: اسپائس جیٹ نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ SG 5111 اور SG 5105 کی پروازیں ایک طیارے کے گراؤنڈ ہونے کے بعد پیدا ہونے والے operational issues کی وجہ سے متاثر ہوئیں۔ ایئرلائن کے مطابق طیارے کے گراؤنڈ ہونے سے آپریشن متاثر ہوا اور اسی وجہ سے دونوں دبئی جانے والی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔

ایئرلائن نے کہا کہ متاثرہ مسافروں کے لیے متبادل پروازوں کا انتظام کیا جا رہا ہے اور مسافروں کو ہونے والی پریشانی کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اسپائس جیٹ نے طویل تاخیر پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔


Share: