بھٹکل 15 جنوری (ایس او نیوز): بھٹکل کے گڈلک روڈ پر ایک تیز رفتار کار کی اسکوٹر سے ٹکر کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کا کمسن بچہ زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ جمعرات کی شام قریب پانچ بجے پیش آیا۔
حادثے کے بعد قریبی نصب سی سی ٹی وی کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ گڈلک روڈ پر ایک اسکوٹر گزر رہی ہوتی ہے، اسی دوران ہورلی سال کی سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار کار گڈلک کراس پر اسکوٹر کو زور دار ٹکر مار دیتی ہے، جس کے باعث اسکوٹر پر سوار میاں بیوی اور بچہ اچھل کردور جا گرتے ہیں۔
حادثے کے ایک چشم دید گواہ کے مطابق، گڈلک روڈ کے رہائشی ظُہیر چامنڈی اپنی اہلیہ اور کمسن بچے کے ساتھ اسکوٹر پر جا رہے تھے کہ اچانک ہورلی سال مسجد احمد سعید والے روڈ سے آنے والی تیز رفتار کار نے گڈلک روڈ کراس پر ان کی اسکوٹر کو ٹکر مار دی۔ خوش قسمتی سے ٹکر کے فوراً بعد اسکوٹر کار کے پہیے میں پھنس گئی، جس کے باعث تینوں افراد کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہے۔
تاہم اس حادثے میں ظُہیر کی اہلیہ کے پاؤں میں شدید چوٹ آئی ہے جبکہ خود ظُہیر کی پیٹھ پربھی چوٹ لگی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد تینوں زخمیوں کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد رات کے وقت انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق، حادثے کے بعد فریقین کے درمیان باہمی بات چیت اور رضامندی کے نتیجے میں پولیس میں کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا گیا۔