ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور ہائی وے پر کار الٹ گئی، پونے کے چھ طلبہ شدید زخمی

کنداپور ہائی وے پر کار الٹ گئی، پونے کے چھ طلبہ شدید زخمی

Mon, 09 Feb 2026 20:49:44    S O News
کنداپور ہائی وے پر کار الٹ گئی، پونے کے چھ طلبہ شدید زخمی

کنداپور، 9 فروری (ایس او نیوز): تیز رفتار فاریچونر کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ڈیوائیڈر عبور کرتے ہوئے مخالف سمت سڑک کے کنارے واقع نالے میں الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار چھ طلبہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر کے علاج فراہم کیا گیا۔ یہ حادثہ پیر کی دوپہر قومی شاہراہ–66 پر کنداپور کے قریب ٹیکّٹے علاقے کے کنّوکیرے مقام پر پیش آیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے تمام طلبہ کا تعلق مہاراشٹر کے شہر پونے سے ہے اور وہ پونے میں واقع لا کالج اور انجینئرنگ کالج میں زیرِ تعلیم ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 12 طلبہ 31 جنوری کو دو کاروں میں ملک بھر کے سفر (روڈ ٹرپ) کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ تروپتی مندر کی زیارت کے بعد یہ طلبہ پونے واپس لوٹ رہے تھے کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق، پیر کی دوپہر ٹیکّٹے کے قریب کنّوکیرے علاقے میں فاریچونر کار تیز رفتاری کے دوران ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہ ڈیوائیڈر پھلانگ کر مخالف سمت سڑک کے نالے میں الٹ گئی۔ حادثے کے وقت کار میں ڈرائیور سمیت چھ طلبہ سوار تھے۔

حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر زخمی طلبہ کو کار سے باہر نکالا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اطلاع ملتے ہی کوٹا پولیس تھانہ کے انسپکٹر پروین کمار نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے معائنہ کیا۔ اس سلسلے میں کوٹا پولیس تھانہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔


Share: