سوریہ پیٹ، 26 اگست (ایس او نیوز): تلنگانہ کے حیدرآباد-وجے واڑہ قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں ایک پرائیویٹ بس کنٹینر ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں پانچ خوتین سمیت چھ افراد ہلاک اور تقریباً 20 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا اور کئی مسافر گاڑی کے اندر پھنس گئے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ بدھ صبح قریب 5 بجے سوریہ پیٹ ضلع کے کوڈاڈ منڈل کے دورکنٹا علاقے میں NH-65 میں پیش آیا۔ پرائیویٹ بس حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے ایلور کی جانب جارہی تھی اور اس میں تقریباً 42 سے 43 مسافر سوار تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس نے آگے موجود کنٹینر ٹرک کو پیچھے سے زوردار ٹکر ماری۔ بتایا گیا ہے کہ کنٹینر میں لوہے کی سلاخیں لدی ہوئی تھیں۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح کچل گیا اور لوہے کی سلاخیں بس کے حصے میں داخل ہوگئیں، جس سے کئی مسافر شدید زخمی ہوئے۔

حادثے کے بعد مقامی افراد، پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بس میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کا کام شروع کیا۔ شدید زخمیوں سمیت متعدد زخمیوں کو کوڈاڈ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد حیدرآباد-وجے واڑہ شاہراہ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک متاثر ہوا۔ پولیس اور امدادی اہلکاروں نے کرین اور دیگر آلات کی مدد سے حادثے کا شکار گاڑیوں کو ہٹایا اور ٹریفک بحال کیا۔ مہلوکین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہیں۔
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولت فراہم کی جائے اور ان کے علاج کے لیے ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔
دریں اثنا، بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے بھی حادثے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔