منگلورو، 28 / جولائی (ایس او نیوز) دھرمستھلا میں مبینہ طور پر عصمت دری اور قتل کے بعد سیکڑوں لاشوں کو خفیہ طور پر دفنانے اور ٹھکانے لگانے کی شکایت جس سابق صفائی کرمچاری نے کی تھی اور اب تک جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ، اس شکایت کنندہ سے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم(ایس آئی ٹی ) نے اتوار کے دن بھی کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی ہے اور اس کے بیانات درج کیے ہیں، جبکہ اس سنسنی خیز انکشاف کی سچائی پر سے پردہ ہٹانے کے لئے بیلتنگڈی میں ایس آئی ٹی کے لئے خصوصی دفتر بھی قائم کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایس آئی ٹی کے چیف پرنب موہنتی کی قیادت میں ڈی آئی جی انوچیت اور ایس پی جتیندرا کمار دیاما نے اپنے تین وکیلوں کے ساتھ آنے والے شکایت کنندہ سے شہر کے ملّی کٹے کدری میں واقع سرکاری گیسٹ ہاوس میں پوچھ تاچھ کی ۔ صبح 10:30 بجے شکایت کنندہ کی آمد کے ساتھ شروع ہونے والی تفتیش شام 6 بجے تک مسلسل چلتی رہی ۔ اس کے بعد شکایت کنندہ کو اس کے ساتھ میں آنے والے وکیلوں کی ٹیم نامعلوم ٹھکانے کی طرف لے گئی ۔ تقریباً ساڑھے سات گھنٹوں تک چلنے والی اس پوچھ تاچھ میں کیے گئے سوالات اور شکایت کنندہ کی طرف سے ملنے والے جوابات کی کوئی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔
اس کے علاوہ مغربی ژون کے آئی جی پی امیت سنگھ ، دکشن کنڑا ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ارون کے نے بھی منگلورو کے سرکاری گیسٹ ہاوس کا دورہ کیا ۔ ایس آئی ٹی کے افسران منگلورو اور بیلتنگڈی میں تحقیقاتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں مگر اس کی سمت اور ابتدائی نتائج کے تعلق سے کسی نے بھی کوئی بات ظاہر نہیں کی ۔
اس سلسلے میں ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور نے اپنا موقف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے عوام کے مطالبے کو سامنے رکھتے ہوئے دھرمستھلا میں لاشیں دفنانے اور باقیات بازیافت کرنے کا معاملہ کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی قائم کی ہے اور پورا معاملہ ان کے حوالے کیا گیا ہے ۔ جب تک تحقیقات پوری نہیں ہوتیں تب تک ہماری طرف سے کوئی بھی معلومات ظاہر نہیں کی جائیں گی ۔
بعض ذرائع کے مطابق شکایت کنندہ نے اپنے دعوے کے ثبوت کے طور پر ایک دفنائی گئی لاش کے کچھ باقیات بازیافت کرکے پولیس کے حوالے کیے ہیں، ایس آئی ٹی اپنی تحقیقات کی سمت میں پہلے مرحلے کے طور پر اسی معاملے کو بنیاد بنا کر آگے بڑھے گی ، اور گواہ کے طور پر سامنے آنے والے شکایت کنندہ نے جس مقام سے لاش کے ان باقیات کو کھود کر نکالنے کا دعویٰ کیا ہے اسی مقام پر پہلے محضر کی کارروائی انجام دی جائے گی ۔
بیلتنگڈی میں ایس آئی ٹی دفتر کا آغاز : بیلتنگڈی پولیس اسٹیشن کے قریب نو تعمیر شدہ پولیس کوارٹرس میں قائم کیے گئے ایس آئی ٹی دفتر کا اتوار سے آغاز ہوگیا ہے ۔ ایس آئی ٹی چیف پرنب موہنتی کی قیادت والی تحقیقاتی ٹیم نے بیلتنگڈی کے نئے دفتر میں پہنچ کر معائنہ کیا ۔ ایس آئی ٹی عصمت دری اور قتل کے بعد مختلف طریقوں سے لاشیں ٹھکانے لگانے کے مبینہ الزام کے تعلق سے اس دفتر کو اپنا مرکز بنا کر تفتیش کرے گی ۔
پتہ چلا ہے کہ فی الحال ایس آئی ٹی میں شامل ڈی آئی جی انوچیت، ایس پی سائمن اور دیگر افسران بیلتنگڈی میں ہی مقیم ہیں اور مختلف زاویوں سے معلومات اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں ۔