ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی : ایس ڈی پی آئی کارکن کا قتل اور بی جے پی لیڈر پر جان لیوا حملہ - 6 ملزمین کو دس سال قید اور جرمانے کی سزا

سرسی : ایس ڈی پی آئی کارکن کا قتل اور بی جے پی لیڈر پر جان لیوا حملہ - 6 ملزمین کو دس سال قید اور جرمانے کی سزا

Thu, 05 Feb 2026 12:06:01    S O News

سرسی، 5 فروری (ایس او نیوز): سال 2019 میں پیش آئے ایک بی جے پی لیڈر پر قتل کی کوشش اور اپنے ہی گروپ کے ایک کارکن کو تلوار سے حملہ کر کے قتل کرنے کے معاملے میں گرفتار چھ ملزمان کو عدالت نے دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سزا پانے والے تمام چھ ملزمان کا تعلق ایس ڈی پی آئی سے ہے، جبکہ جس نوجوان کا قتل ہوا، اسلم سید باباجان، وہ بھی اسی تنظیم کا کارکن تھا۔ الزام ہے کہ ملزمان نے بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ضلع صدر انیس تحصیلدار کو قتل کرنے کی سازش کے تحت ان پر حملہ کیا تھا، تاہم وہ اس حملے میں زخمی ہونے کے باوجود بچ نکلے۔ اسی دوران ملزمان نے اپنے ہی ایک کارکن اسلم سید پر تلوار سے حملہ کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

یہ واقعہ 29 اپریل 2019 کی رات سرسی کے کستوربا نگر، کری گنڈی روڈ پر پیش آیا تھا۔ واقعے کے بعد سرسی نیو مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں دو الگ الگ مقدمات درج کیے گئے تھے۔ تفصیلی سماعت مکمل ہونے کے بعد فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن عدالت نے فیصلہ سنایا۔

عدالت نے  ملزمان کو دس سال قید کی سزا کے ساتھ فی کس دس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس کے علاوہ زخمی انیس تحصیلدار کو مجموعی طور پر 60 ہزار روپے جبکہ مقتول اسلم سید باباجان کی والدہ کو 50 ہزار روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

جن ملزمان کو سزا سنائی گئی ہے ان میں کستوربا نگر کے محمد فاروق محمد شفیع اللہ (32)، محمد سلیم عبدالرحیم (36)، سرفراز پٹیل (35)، نہرو نگر کے محمد عارف داول صاب کرجگی (34)، نثار محمد شیخ قاسم صاب (29) اور ٹیپو نگر کے محسن عبدالشکور ہوناور (39) شامل ہیں۔ قتل کی کوشش اور قتل کے جرم ثابت ہونے پر سیشن جج کرن کینی نے قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔

قابلِ ذکر ہے کہ محسن عبدالشکور ہوناور کو ماضی میں دہشت گردانہ سرگرمیوں سے تعلق کے الزام میں این آئی اے نے گرفتار کیا تھا، تاہم بعد میں وہ ضمانت پر رہا ہو گیا تھا۔ وہ بنگلورو کے ڈی جے ہلی اور کے جے ہلی فسادات معاملے میں بھی ملزم رہ چکا ہے۔ سرسی میں قتل اور قتل کی کوشش کے معاملے میں نام آنے کے بعد وہ فرار ہو گیا تھا، جسے چند ماہ قبل سرسی نیو مارکیٹ پولیس نے وجیا پور سے گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے اس معاملے میں اسے بھی سزا سنائی ہے۔


Share: