ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی : ایم ایل اے بھیمنّا اور سداپور بلاک کانگریس صدر وسنت کے بیچ ہوئی مفاہمت

سرسی : ایم ایل اے بھیمنّا اور سداپور بلاک کانگریس صدر وسنت کے بیچ ہوئی مفاہمت

Wed, 28 Jan 2026 17:24:01    S O News

سرسی، 28 / جنوری (ایس او نیوز) سابقہ اسمبلی الیکشن میں بھیمنّا نائک کی جیت کے کچھ مہینوں بعد سداپور کے بلاک کانگریس صدر وسنت نائک کے درمیان پیدا ہونے والی تلخی اور دوری ختم ہونے اور دونوں کے درمیان مفاہمت ہونے کی بات سامنے آئی ہے ۔
    
خیال رہے کہ گزشتہ اسمبلی الیکشن میں بھیمنّا نائک کے علاوہ کانگریس پارٹی سے ٹکٹ کے طلب گاروں میں وسنت نائک کا نام بھی ایک مضبوط دعویدار کے طور پر شامل تھا ۔ پھر جب پارٹی نے بھیمنّا نائک کو ٹکٹ دیا تو وسنت نائک نے بلاک کانگریس صدر کی حیثیت سے سداپور کے علاقے میں بھیمنّا کی کامیابی کے لئے کھلے دل سے محنت کی ۔ مگر بھیمنّا کی جیت کے کچھ مہینوں بعد دونوں کے درمیان دوریاں بڑھنے لگیں اور وسنت نائک بھیمنّا کے جلسوں اور پروگرام میں شرکت نہ کرتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی ۔ 
    
اس کے بعد وسنت نائک نے بلاک کانگریس صدر کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا ۔ اس دوران بلاک کانگریس کے عہدے پر فائز ہونے کے لئے بال کرشنا نائک کولسرسی، وی این نائک بیڈکونی، سی آر نائک،  کے جی ناگراج، ناصر ولی خان جیسے سداپور کے سینئر کانگریسی لیڈران کوشش کرنے لگے تھے ۔ 
    
اب پتہ چلا ہے کہ وسنت نائک کو ہی بلاک کانگریس کے عہدے پر بنے رہنے کے لئے آمادہ کر لیا گیا ہے اور گزشتہ دو ایک مہینوں سے وسنت نائک کی طرف سے بھیمنّا نائک کی ستائش کرتے اور ان کی طرف سے ہونے  والے ترقیاتی کاموں کو سراہنے کے ساتھ دونوں لیڈروں کو ایک ساتھ محفلوں میں شریک ہوتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے ۔ 
    
دونوں کے درمیان مفاہمت سے پارٹی کارکنان میں اطمینان اور خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اسے پارٹی کے استحکام اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں پارٹی کی بہتر کارکردگی کے لئے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے ۔ 


Share: