بھٹکل 22/ڈسمبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیر اور اترکنڑا ضلع کے انچارج منسٹر منکال ایس۔ ویدیا نے اتوار کے روز بھٹکل شہر کے آسارکیری نچل مکی واقع وینکٹ رمن مندر کے میٹنگ ہال میں بچوں کو پولیو کے دو قطرے پلا کر پلس پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو جیسی مہلک بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور اس مہم کی کامیابی میں عوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے، اسی مقصد کے تحت گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائی جا رہی ہے۔
وزیر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا لاپروائی کا مظاہرہ نہ کریں اور اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلوائیں۔ اس مہم سے 24 تاریخ تک فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی وزیر نے محکمہ صحت کے ڈاکٹروں، آشا کارکنان اور آنگن واڑی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سب نہایت لگن اور جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
سرسی میں اسسٹنٹ کمشنر نے کیا پولیو مہم کا آغاز:
سرسی میں اسسٹنٹ کمشنر کاویا رانی نے کستوربا اسکول میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلاتے ہوئے نیشنل پلس پولیو پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع اتر کنڑا میں پانچ سال سے کم عمر کے 1,04,581 کو پولیو ویکسین دینے کا نشانہ طے کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لئے ضلع بھر میں 878 بوتھ بنائے گئے ہیں۔ 33 ٹرانسسٹ ٹیموں اور 9 موبائیل ٹیموں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ پولیو ویکسین پلانے والے 3591 کارکنان اور 200 سپروائزرس مقرر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک پولیو سے پاک ہو چکا ہے، لیکن احتیاطی طور پر والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلائیں۔ اور پلس پولیو کی اس مہم کو کامیاب بنانے میں پورا تعاون دیں۔