نئی دہلی، 21 / فروری (ایس او نیوز) اپوزیشن پارٹیوں کی مخالفت اور قانونی داو پیچ کے درمیان مرکزی الیکشن کمیشن نے کرناٹک سمیت ملک کی جملہ 23 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کی کارروائی شروع کرنے کا تہیہ کر لیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ اپریل کے مہینے سے کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹرا سمیت 17 ریاستوں، جموں اور کشمیر، دہلی سمیت 6 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایس آئی آر کی مہم شروع ہوگی ۔
مرکزی الیکشن کمیشن نے تیسرے مرحلے کی ایس آئی آر مہم کے تعلق سے ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکشن کمشنروں کو مراسلے بھیجے ہیں اور ووٹر لسٹ پر نظر ثانی اور اسے تیز رفتاری کے ساتھ پورا کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جس میں افسران کی نامزدگی، بی ایل اوز کے لئے ضروری تربیت، مردم شماری طرز کے فارمس کی چھپائی، سیکیوریٹی کے لئے ضروری عملے کی تعیناتی، بی ایل اوز کے موٹر گاڑیوں کی فراہمی کا نظام وغیرہ شامل ہے ۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے میں بہار میں ایس آئی آر کی کارروائی مکمل کی تھی ۔ دوسرے مرحلے میں آسام، مغربی بنگال، کیرالہ، تمل ناڈو، پڈوچیری سمیت 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں یہ سلسلہ چلے گا ۔
اب اپریل میں جو تیسرا مرحلہ شروع ہوگا ان میں کرناٹک، آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، اڈیشہ،پنجاب، سکم، تریپورہ، تلنگانہ، اتراکھنڈ، جھارکھنڈ، میگھالیہ، مہاراشٹرا، منی پور ریاستوں کے علاوہ مرکزی انتظام والے جموں و کشمیر، لداخ، چنڈی گڑھ، دیودمن، دادرا-نگر حویلی اور دہلی شامل ہیں ۔