اُڈپی، 10 / فروری (ایس او نیوز) منگلورو سے شیروا جانے والی ایک کار میں پیر کی آدھی رات کو اچانک آگ لگ گئی، مگر خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ بیچ سڑک پر چلتی کار میں آگ لگنے کا یہ حادثہ نیرم سری جارندایا دَیوستھانا کے قریب پیش آیا ۔ڈرائیور کی طرف سے دکھائی حاضر دماغی سے گاڑی میں موجود پانچوں مسافر بغیر کسی جسمانی نقصان کے بال بال بچ گئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ پیر کے دن دیر رات کو جب کار منگلورو سے شیروا کی طرف جارہی تھی اور نیارم کے علاقے میں پہنچی تو کار کے انجن سے دھواں نکلنے لگا ۔ اس سے ہوشیار ہو کر ڈرائیور نے فوراً گاڑی کو سڑک کے کنارے کر دیا اور اپنے ساتھ سفر کر رہے خاندان کے چاروں افراد کو فوراً نیچے اترنے کو کہا ۔ تمام لوگوں کے اترنے کے چند ہی لمحوں بعد بھڑکنے والے آگ کے شعلوں نے پوری کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تھوڑی ہی دیر میں کار مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی ۔
سڑک پر چلتی کار میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے ۔ انہوں نے قریبی گھروں سے پائپوں کے ذریعے پانی چھڑک کر آگ بجھانے کی کوشش کی ۔ تاہم آگ پہلے ہی تیزی سے پھیل چکی تھی جس کے نتیجے میں کار پوری طرح جل کر خاکستر ہوگئی ۔