ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تنظیم سے قرضہ دلانے کے نام پر نامعلوم شخص نے دیا شیرور کی خواتین کو لاکھوں روپئے کا دھوکہ

بھٹکل تنظیم سے قرضہ دلانے کے نام پر نامعلوم شخص نے دیا شیرور کی خواتین کو لاکھوں روپئے کا دھوکہ

Mon, 15 Sep 2025 13:24:49    S O News

بھٹکل، 15 ستمبر (ایس او نیوز): اپنے آپ کو مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کا نمائندہ بتاتے ہوئے ایک نامعلوم شخص کی جانب سے بلا سودی قرضہ دلانے کے بہانے شیرور کی متعدد خواتین سے لاکھوں روپئے ہتھیانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

موصولہ تفصیلات کے مطابق تقریباً نو ماہ قبل بھٹکل سے متصل شیرور کے ہڈوین کونے علاقے کی ایک خاتون کے گھر آنے والے اجنبی شخص نے دعویٰ کیا کہ وہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کا نمائندہ ہے۔ اس نے بتایا کہ تنظیم کے پاس بڑے پیمانے پر فنڈ موجود ہے جس سے غریب اور نادار افراد کو پانچ لاکھ روپئے تک کا بلاسودی قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے لئے لوگوں کو صرف بارہ ہزار روپئے ادا کرکے اپنا نام رجسٹر کرانا ہوگا۔ اس شخص نے مذکورہ خاتون کو یہ بھی کہا کہ وہ اپنے رشتہ داروں اور جاننے والوں کو بھی رجسٹریشن کے لئے تیار کریں۔

اس جعلی اسکیم کے بارے میں جاننے کے بعد خواتین نے ایک دوسرے کو رجسٹریشن کے لئے آمادہ کیا، اور یوں شیرور کی 22 خواتین اس کے جھانسے میں آ گئیں، جن سے اس شخص نے مجموعی طور پر 4,07,000 روپئے وصول کر لئے۔

بعد میں جب خواتین کو دھوکہ دہی کا احساس ہوا اور انہوں نے رقم واپس طلب کی تو ملزم نے انہیں رقوم لوٹانے کے بہانے فرضی چیک تھما دیے اور پھر لاپتہ ہوگیا۔ دھوکہ کھائی ہوئی خواتین نے اس ضمن میں بیندور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے ساتھ انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھٹکل ساحل آن لائن دفتر پہنچ کر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ خواتین نے بتایا: "ہم نہایت غریب لوگ ہیں، جب اس شخص نے ہمیں تنظیم کی طرف سے بلاسود قرض دینے کی بات کہی تو ہم اس کے جھانسے میں آگئے، مگر اس نے تنظیم کے نام پر ہمیں لوٹ لیا۔" ان کے مطابق وہ اب فون بھی ریسیو نہیں کرتا۔ متاثرہ خواتین نے مزید بتایا کہ انہوں نے اسے تلاش کرنے کے لئے بھٹکل تک کا رخ کیا تھا، مگر فون نہ اٹھانے کی وجہ سے وہ اس تک پہنچنے میں ناکام رہیں۔

شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شیرور کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی اس شخص نے اسی طرح کے ہتھکنڈے اپنا کر مزید لوگوں کو اپنے جال میں پھنسایا ہوگا۔

 


Share: