ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: مرڈیشور میں تراویح کے لیے نکلے سات لڑکوں پر غیر مسلم مکانوں میں پتھراؤ کا الزام؛ کاروار کی خصوصی عدالت میں آج پیشی

بھٹکل: مرڈیشور میں تراویح کے لیے نکلے سات لڑکوں پر غیر مسلم مکانوں میں پتھراؤ کا الزام؛ کاروار کی خصوصی عدالت میں آج پیشی

Tue, 24 Feb 2026 16:57:46    S O News
بھٹکل: مرڈیشور میں تراویح کے لیے نکلے سات لڑکوں پر غیر مسلم مکانوں میں پتھراؤ کا الزام؛ کاروار کی خصوصی عدالت میں آج پیشی

بھٹکل، 24 فروری (ایس او نیوز): مرڈیشور کے سات نابالغ لڑکوں پر قریبی علاقہ بیلور میں غیر مسلم مکانات پر  مُبینہ طور پر  پتھراؤ کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد مرڈیشور پولس تھانہ کے باہر علاقے کے عوام کے ساتھ سنگھ پریوار تنظیموں کے کارکنان جمع ہوکر احتجاج کرنے لگے اور لڑکوں کے خلاف معاملہ درج کرنے اور ان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ واردات پیر کی رات قریب دس بجے پیش آئی ۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کاروار سے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این موقع پر پہنچے اور ناراض عوام  کو یقین دلایا کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جس کے بعد حالات معمول پر آگئے۔

لڑکوں کے اہل خانہ کے مطابق ہائی اسکول میں ایک ہی کلاس کے   سات لڑکے  تراویح کی نماز کے لیے نکلے تھے، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ انہیں بیلور میں پتھراؤ کے الزام میں پولس تھانہ لے جایا گیا ہے۔ اہل خانہ نے اس بات پر لاعلمی ظاہر کی کہ اگر لڑکے غیر مسلم علاقے میں گئے تو کیوں گئے اور اگر مکانوں پر پتھراؤ کیا تو اس کی وجہ کیا تھی۔

پولیس کے مطابق چونکہ تمام ملزمان نابالغ ہیں، اس لیے انہیں پولیس تھانے میں رکھنے کے بجائے ضابطے کے مطابق علیحدہ مقام پر منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق طبی جانچ میں بعض لڑکوں کے نشے میں ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ساتوں نابالغوں کو آج منگل کی شام کاروار میں بچوں کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں سے آئندہ کی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Share: