ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جے پور میں نیٹ-پی جی اور ایمس امتحانات متاثر، سچن پائلٹ کی ریاستی حکومت پر سخت تنقید

جے پور میں نیٹ-پی جی اور ایمس امتحانات متاثر، سچن پائلٹ کی ریاستی حکومت پر سخت تنقید

Tue, 01 Sep 2026 11:05:50    S O News

جے پور،یکم ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ منگل (یکم ستمبر) کی صبح باڑمیر پہنچے۔ ریلوے اسٹیشن پر کانگریس کارکنان ان کا زبردست استقبال کیا۔ اس دوران سچن پائلٹ نے بھرتی اور مسابقتی امتحانات میں سامنے آ رہی بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اتوار کو جے پور میں 2 امتحان مراکز پر نیٹ-پی جی کا امتحان بے ضابطگیوں کی وجہ سے منسوخ ہونا اور اس کے اگلے ہی دن پیر کو ایمس کا امتحان منسوخ ہونا نظام پر سوال کھڑے کرتا ہے۔ اس سے نوجوان مایوس ہوتے ہیں۔ پورے سسٹم کو درست کیے جانے کی ضرورت ہے۔‘‘

سچن پائلٹ نے مزید کہا کہ مسابقتی امتحانات کے حوالے سے مسلسل سامنے آنے والے ایسے واقعات نوجوانوں کے لیے باعث تشویش ہیں۔ اس سے نوجوانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ امتحان کی تیاری کے لیے نوجوان طویل عرصے تک محنت کرتے ہیں۔ ایسے میں امتحان مرکز پر بجلی چلے جانے یا سرور میں خرابی جیسی وجوہات کی وجہ سے امتحان منسوخ ہونے پر ان کے سامنے پریشانی کھڑی ہو جاتی ہے۔

کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے راجستھان میں ہو رہے بلدیاتی انتخاب کو لے کر بھی ریاستی الیکشن کمیشن کے کام کاج پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کمیشن پر اقتدار کے دباؤ میں کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ ’’مدت ختم ہونے کے بعد بھی حکمراں جماعت کے لوگوں کے نامزدگی فارم داخل کرائے گئے۔‘‘

سابق نائب وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’پارٹی میں شدید اندرونی اختلافات جاری ہیں۔‘‘ سچن پائلٹ نے کانگریس کی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ ’’کانگریس پارٹی انتخاب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔‘‘ باڑمیر میں پائلٹ نے ایک طرف مسابقتی امتحانات میں بے ضابطگیوں کو لے کر حکومت کو گھیرا، دوسری جانب بلدیاتی انتخابات کے عمل کو لے کر بھی ریاستی الیکشن کمیشن پر سوال اٹھائے۔
 


Share: