ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گیس صارفین کے لیے بڑی راحت، 25 دن بعد دوبارہ سلنڈر بک کرنے کی اجازت

گیس صارفین کے لیے بڑی راحت، 25 دن بعد دوبارہ سلنڈر بک کرنے کی اجازت

Mon, 07 Sep 2026 18:20:17    S O News

نئی دہلی ، 7/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مشرق وسطیٰ میں جنگ کے بعد ہندوستان میں گیس کی کمی دیکھنے کو ملی تھی، جس کے سبب حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ دیہی علاقوں میں ایک گیس سلنڈر کی بکنگ کے 45 دنوں بعد ہی دوسرا سلنڈر بُک کیا جا سکے گا۔ لیکن اب مرکزی حکومت نے اس اصول میں تبدیلی کر دی ہے۔ مرکزی وزیر سریش گوپی نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب دیہی اور شہری دونوں ہی خطوں میں گیس سلنڈر کی اگلی بکنگ 25 دنوں میں ہی کی جا سکے گی۔

یہ نیا انتظام پیر کے روز یعنی 7 ستمبر سے نافذ کر دیا گیا ہے۔ اب کسی بھی شخص کو گیس سلنڈر کی بکنگ دوبارہ کرنے کے لیے 45 دنوں کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ اب محض 25 دنوں کے اندر ہی دوبارہ گیس سلنڈر بک کر سکتے ہیں۔ اس سے لوگوں کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس تعلق سے وزارت پٹرولیم، قدرتی گیس و سیاحت کے وزیر سریش گوپی نے بذریعہ سوشل میڈیا جانکاری دی۔ انھوں نے 7 ستمبر کو جاری کردہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو یہ تبدیلی فوراً نافذ کرنے کو کہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ میں چل رہی جنگ کی وجہ سے تیل کمپنیوں پر کافی دباؤ تھا، جس کے سبب شہری علاقوں میں ریفل بکنگ کا فرق 25 دن اور دیہی علاقوں میں 45 دن کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دیہی علاقوں میں 2 ایل پی جی سلنڈر بُکنگ کے درمیان 45 دنوں کا فاصلہ رکھنے کے سبب کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ خاص طور سے دیہی علاقوں میں بڑی فیملی کو کافی دقتیں آتی تھیں، کیونکہ ایل پی جی سلنڈر 20 سے 25 دنوں میں ہی ختم ہو جاتے تھے۔ شہری علاقوں میں بھی کئی گھروں میں ایل پی جی سلنڈر 20 سے 25 دنوں میں ختم ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے انھیں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ بیشتر گھروں میں نیا سلنڈر پہنچتے پہنچتے پرانا سلنڈر خالی ہو جاتا ہے۔ اب حالات دھیرے دھیرے بہتر ہو رہے ہیں، اس لیے امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں حکومت کی جانب سے مزید کچھ بہتری دی جائے گی۔


Share: