بینگلور 13 ستمبر (ایس او نیوز): آندھرا پردیش، کیرالہ، راجستھان، ہماچل پردیش اور مہراشٹرا میں اتوار کی صبح سامنے آئے مختلف سڑک حادثات میں متعدد افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق آندھرا پردیش کے وجیانگرم سمیت آندھرا پردیش میں پیش آئے تین الگ الگ سڑک حادثات میں مجموعی طور پر سات افراد ہلاک ہوئے، جبکہ کیرالہ کے تھریسور میں ایک شخص کی موت اور تین افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ راجستھان کے الور میں تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے تصادم میں تین نوجوان ہلاک ہوئے، جبکہ ہماچل پردیش کے چمبا میں موٹر سائیکل گہری کھائی میں گرنے سے دو نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ مہاراشٹرا کے پونے میں صبح کی سیر کے لیے نکلے ایک 48 سالہ سافٹ ویئر انجینئر کی گاڑی کی زد میں آنے سے موت ہوگئی۔
آندھرا پردیش کے وجیانگرم ضلع میں پیش آنے والے ایک حادثے میں لاری اور آٹو رکشہ کے درمیان زبردست ٹکر میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح تقریباً پانچ بجے کے آس پاس پیش آیا۔ آٹو رکشہ میں سوار افراد لاری سے ٹکر کے بعد شدید زخمی ہوئے اور جانبر نہ ہوسکے۔ پولیس نے لاشوں کو اسپتال منتقل کرکے معاملہ درج کرلیا ہے۔
شمالی ساحلی آندھرا پردیش میں اتوار کے روز تین الگ الگ سڑک حادثات میں مجموعی طور پر سات افراد کی موت کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق مختلف مقامات پر ہونے والے ان حادثات میں دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ وجیانگرم کا لاری اور آٹو رکشہ حادثہ بھی انہی مہلک حادثات میں شامل ہے۔
کیرالہ کے تھریسور ضلع کے وانیامبارا میں پیش آئے حادثے پیش آئے حادثے میں 65 سالہ عبدالرزاق کی موت واقع ہوگئی ۔ وہ اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ بس کا انتظار کررہے تھے۔ جس کے دوران تھریسور کی سمت جانے والی ایک کار مبینہ طور پر بے قابو ہوکر سڑک کنارے موجود بس اسٹاپ سے جا ٹکرائی اور وہاں کھڑے لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ حادثے میں ان کی اہلیہ کے علاوہ مقامی رہائشی پردیپ اور منیکندن بھی زخمی ہوئے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تینوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ پلکڑ–وڈکن چیری–منّتھی نیشنل ہائی وے پر اتوار کی صبح پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کار تھریسور کی جانب جارہی تھی۔ پولیس نے کار چلانے والے تھریسور کے 22 سالہ امل کو حراست میں لے لیا ہے۔
راجستھان کے الور ضلع میں بھی اتوار کو ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار تین نوجوان دوست ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کار نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں تینوں کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے حادثے میں ملوث گاڑی اور ڈرائیور کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بعض رپورٹس میں اہل خانہ کی جانب سے پرانی دشمنی کا شبہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ہماچل پردیش کے چمبا ضلع میں بھی ایک مہلک سڑک حادثہ میں منی مہیش کیلاش یاترا کے لیے جانے والے دو نوجوانوں کی موٹر سائیکل پٹھان کوٹ-بھرمور قومی شاہراہ پر دونالی اور گیہرا کے درمیان ہنومان مندر کے قریب بے قابو ہوکر تقریباً 200 میٹر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثہ ہفتہ کی رات پیش آیا۔ جس سے دونوں نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
ادھر مہاراشٹرا کے پونے میں 48 سالہ سافٹ ویئر انجینئر ویریندر دویدی صبح کی دوڑ کے لیے نکلے تھے کہ این ڈی اے-پاشان روڈ پر ماروتی مندر کے قریب ایک ملٹی پرپز گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثہ ہفتہ کی صبح تقریباً سات بجے پیش آیا تھا اور زخمی انجینئر کو اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ پولیس کے مطابق گاڑی ایک 19 سالہ نوجوان چلا رہا تھا۔ حادثے کے مقام پر سڑک کے کنارے کھڑی گاڑیوں کے باعث راستہ نسبتاً تنگ ہونے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔
دستیاب رپورٹس کے مطابق ان حادثات میں پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔